حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
تربیلا منصوبے کا اہلکار فائرنگ سے قتل، چینی منصوبے سے وابستگی کے باعث سیکیورٹی ادارے بھی متحرک Home / پاکستان /

تربیلا منصوبے کا اہلکار فائرنگ سے قتل، چینی منصوبے سے وابستگی کے باعث سیکیورٹی ادارے بھی متحرک

ایڈیٹر - 15/07/2026
تربیلا منصوبے کا اہلکار  فائرنگ سے قتل، چینی منصوبے سے وابستگی کے باعث سیکیورٹی ادارے بھی متحرک

ویب ڈیسک : ضلع ہری پور میں تربیلا ٹی فائیو منصوبے سے وابستہ ایک اہلکار کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا، جس کے بعد علاقے میں تشویش کی فضا پھیل گئی جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

پولیس کے مطابق مقتول صابر حسین تربیلا ٹی فائیو منصوبے میں لائٹ ڈیوٹی فورمین کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ منصوبے کے چینی پراجیکٹ منیجر کے ڈرائیور کی ذمہ داریاں بھی نبھا رہے تھے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور متعلقہ اداروں کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جہاں سے شواہد اور فرانزک مواد اکٹھا کیا گیا۔ پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے صابر حسین کا تعلق ضلع رحیم یار خان سے تھا اور وہ کافی عرصے سے تربیلا ٹی فائیو منصوبے پر فرائض انجام دے رہے تھے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قتل کے محرکات سمیت واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق ابتدائی شواہد کی بنیاد پر تفتیش آگے بڑھائی جا رہی ہے اور ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لانے کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔