حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ٹرمپ کی دھمکیوں پر ایران کا دوٹوک جواب، "وطن کے ایک ایک انچ کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے" Home / بین الاقوامی /

ٹرمپ کی دھمکیوں پر ایران کا دوٹوک جواب، "وطن کے ایک ایک انچ کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے"

ایڈیٹر - 15/07/2026
ٹرمپ کی دھمکیوں پر ایران کا دوٹوک جواب،

ویب ڈیسک: امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایران اپنی سرزمین کے ہر حصے کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔

سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے اپنے خطاب میں مسعود پزشکیان نے امریکی مؤقف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو یہ بتانا چاہیے کہ آیا وہ میدانِ جنگ میں اپنے مقررہ اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو تقسیم کرنے کی خواہش رکھنے والے عناصر یہ بھی واضح کریں کہ انہیں اپنی کوششوں سے آخر کیا حاصل ہوا۔

ایرانی صدر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ایران اپنی سرزمین کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے پوری قوت کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

ادھر ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے ترجمان ابراہیم رضائی نے بھی سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ مخالف فریق تمام مفاہمتی شقوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے باضابطہ طور پر جنگی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق موجودہ حالات میں پہلے سے طے شدہ مفاہمتی یادداشت اب مؤثر نہیں رہی اور اسے عملی طور پر ختم تصور کیا جانا چاہیے۔

دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ نے آبنائے ہرمز کے تحفظ، بحری سلامتی اور خطے میں پائیدار ترقی کے حوالے سے ایک اسٹریٹجک ایکشن پلان کی منظوری بھی دے دی ہے، جسے موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔