حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
موساد سے تعلقات کا الزام مسترد، محمود احمدی نژاد نے نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کو جھوٹ قرار دے دیا Home / بین الاقوامی /

موساد سے تعلقات کا الزام مسترد، محمود احمدی نژاد نے نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کو جھوٹ قرار دے دیا

ایڈیٹر - 14/07/2026
موساد سے تعلقات کا الزام مسترد، محمود احمدی نژاد نے نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کو جھوٹ قرار دے دیا

ویب ڈیسک: ایران کے سابق صدر محمود احمدی نژاد نے امریکی اخبار نیویارک ٹائمز میں شائع ہونے والی اس رپورٹ کو رد کر دیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ مبینہ طور پر اسرائیلی خفیہ ادارے موساد کے ایران میں سیاسی تبدیلی کے منصوبے کا حصہ تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق محمود احمدی نژاد کے دفتر نے نہ صرف ان الزامات کو مسترد کیا بلکہ سابق صدر کے گھر میں نظر بند ہونے سے متعلق دعوے کو بھی بے بنیاد قرار دیا ہے۔

سابق ایرانی صدر کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں نیویارک ٹائمز پر الزام عائد کیا گیا کہ اخبار نے عوام کو گمراہ کرنے اور ایران میں اختلافات کو بڑھانے کے مقصد سے من گھڑت معلومات پر مبنی رپورٹ شائع کی۔

بیان میں کہا گیا کہ محمود احمدی نژاد سے متعلق لگائے گئے تمام الزامات مکمل طور پر جھوٹے ہیں اور انہیں واضح طور پر مسترد کیا جاتا ہے۔ دفتر نے نظر بندی کے دعوے کو بھی اخبار کی جانب سے اپنے مؤقف کو تقویت دینے کے لیے تیار کی گئی غلط معلومات قرار دیا۔

واضح رہے کہ نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ اسرائیلی خفیہ ادارے موساد نے حالیہ برسوں میں محمود احمدی نژاد سے رابطے کیے اور انہیں ایران میں ممکنہ سیاسی متبادل کے طور پر دیکھا گیا۔

امریکی اخبار کی رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی شامل تھا کہ سابق ایرانی صدر کو مبینہ طور پر اسرائیل کے ساتھ تعاون پر آمادہ کرنے کی کوشش کی گئی اور وہ اس وقت گھر میں نظر بند ہیں۔

محمود احمدی نژاد 2005 سے 2013 تک ایران کے صدر رہے۔ اپنے دورِ اقتدار میں وہ امریکا اور اسرائیل کے سخت ناقد تصور کیے جاتے تھے، تاہم صدارت کے بعد انہوں نے ایرانی سیاست کے بعض معاملات پر مختلف مؤقف بھی اختیار کیے۔