لندن: برطانوی حکومت نے ایک بڑے سفارتی اور دفاعی فیصلے کے تحت ایرانی پاسدارانِ انقلاب (IRGC) کو باقاعدہ طور پر دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا ہے۔
لندن سے موصولہ خبر رساں ایجنسی کی رپورٹس کے مطابق، برطانوی حکومت نے نئے ریاستی خطرات سے نمٹنے کے لیے اپنے تاریخی اور غیر معمولی اختیارات کا استعمال کیا ہے۔ اس قانون سازی کے تحت پاسدارانِ انقلاب اور اس سے وابستہ نان اسٹیٹ پراکسی گروپس کی حمایت یا ان کی معاونت کو مکمل طور پر غیر قانونی اور مجرمانہ فعل قرار دے دیا گیا ہے۔
برطانوی حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، ان تاریخی اختیارات کے تحت مجموعی طور پر تین بڑے گروپس کو نشانہ بناتے ہوئے نامزد کیا گیا ہے۔ ان نامزد گروپوں میں ایرانی پاسدارانِ انقلاب، اسلامی موومنٹ آف کمیونٹیز آف دی رائٹ، اور روس کی 'جی آر یو والنٹیر' فورس شامل ہیں۔ برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ 'اسلامی موومنٹ آف کمیونٹیز آف دی رائٹ' نامی گروپ نے برطانیہ کے اندر یہودی اور اسرائیلی مقامات پر ہونے والے مختلف حملوں کی سرعام ذمہ داری قبول کی تھی، جس کے بعد ان تنظیموں کے خلاف یہ سخت ترین تادیبی اور قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔