ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں طورخم بارڈر کے راستے افغانستان کے عوام کے لیے بھیجی گئی عالمی غذائی امداد پہنچا دی گئی ہے۔ ورلڈ فوڈ پروگرام کے تحت اشیائے خوردونوش سے بھرے 21 کنٹینرز افغانستان منتقل کر دیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق امدادی سامان کی ترسیل سے قبل تمام ضروری قانونی مراحل مکمل کیے گئے، جس کے بعد خوراکی اشیاء پر مشتمل کنٹینرز طورخم سرحد کے ذریعے افغانستان روانہ کیے گئے۔
عالمی ادارے کی جانب سے فراہم کی جانے والی اس امداد کا مقصد افغانستان میں غذائی مشکلات کا سامنا کرنے والے افراد کی ضروریات پوری کرنا ہے۔ امدادی سامان میں روزمرہ استعمال کی اہم خوراکی اشیاء شامل ہیں، جو ضرورت مند خاندانوں تک پہنچائی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق ورلڈ فوڈ پروگرام دنیا کے مختلف ممالک میں غذائی بحران سے متاثرہ افراد کے لیے مسلسل امدادی سرگرمیاں انجام دے رہا ہے، جبکہ افغانستان میں بھی خوراک کی ضروریات پوری کرنے کے لیے وقتاً فوقتاً امدادی سامان فراہم کیا جاتا ہے۔
طورخم بارڈر سے امدادی کھیپ کی منتقلی کو افغانستان میں انسانی بنیادوں پر جاری امدادی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد متاثرہ آبادی کو خوراک کی فراہمی میں مدد دینا ہے۔