حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پشاور میں فائرنگ کی لہر، ہسپتال ملازم جان سے گیا، بچے سمیت دو افراد زخمی Home / پاکستان /

پشاور میں فائرنگ کی لہر، ہسپتال ملازم جان سے گیا، بچے سمیت دو افراد زخمی

ایڈیٹر - 14/07/2026
پشاور میں فائرنگ کی لہر، ہسپتال ملازم جان سے گیا، بچے سمیت دو افراد زخمی

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں فائرنگ کے مختلف واقعات نے شہریوں میں خوف و تشویش پیدا کر دی۔ شہر کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے دو الگ واقعات کے دوران ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک بچے سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق پہلا واقعہ پشاور کے علاقے بورڈ بازار میں پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے خیبر ٹیچنگ ہسپتال کا ملازم جاں بحق ہو گیا۔ فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمی شخص کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دورانِ علاج دم توڑ گیا۔

پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت جیب سے ملنے والے شناختی کارڈ کے ذریعے محمد نعمان ولد عبداللہ جان کے نام سے ہوئی۔ وہ پشاور کے علاقے سلطان خیل مشترزئی کا رہائشی تھا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق محمد نعمان خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں ایئر کنڈیشن پلانٹ سے متعلق شعبے میں ملازمت کرتا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد خریداری کے لیے بورڈ بازار آیا تھا جہاں اسے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔

حکام کے مطابق مقتول شادی شدہ تھا اور اس کے بچے بھی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے حوالے سے مقتول کے اہلِ خانہ کی جانب سے تاحال کسی ملزم کو نامزد نہیں کیا گیا۔

یونیورسٹی ٹاؤن پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے بعد ہی قتل کی اصل وجوہات کا تعین ہو سکے گا۔

دوسرا واقعہ پشاور کے علاقے تہکال بالا ٹانگو اڈہ میں پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر معمولی تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کر دی گئی۔ واقعے میں عدنان اور ایک راہگیر بچہ حمزہ زخمی ہو گئے۔

پولیس رپورٹ کے مطابق زخمی عدنان نے بتایا کہ وہ رکشے کے لیے سواری کا انتظار کر رہا تھا کہ اسی دوران موٹرسائیکل پر سوار مسلح افراد نے آ کر فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ عدنان اور ملزمان کے درمیان پہلے زبانی بحث ہوئی تھی، جس کے بعد مبینہ طور پر ملزمان دوبارہ آئے اور فائرنگ کر کے فرار ہو گئے۔

فائرنگ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔