حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
اب خیبر پختونخوا میں بھیک مانگنے پر ہوگی سیدھی جیل اور بھاری جرمانہ! حکومت نے نئے قانون کا مسودہ تیار کر لیا Home / پاکستان /

اب خیبر پختونخوا میں بھیک مانگنے پر ہوگی سیدھی جیل اور بھاری جرمانہ! حکومت نے نئے قانون کا مسودہ تیار کر لیا

ایڈیٹر - 14/07/2026
اب خیبر پختونخوا میں بھیک مانگنے پر ہوگی سیدھی جیل اور بھاری جرمانہ! حکومت نے نئے قانون کا مسودہ تیار کر لیا

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں پیشہ ورانہ گداگری کی روک تھام اور مستحق افراد کی حقیقی بحالی کے لیے ایک سخت اور جامع نیا قانون متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت قانون شکنی کرنے والوں کو قید اور بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

روزنامہ 'آج' کی رپورٹ کے مطابق، صوبائی حکومت نے "خیبر پختونخوا ویگرینسی (کنٹرول اینڈ ری ہیبلی ٹیشن) ایکٹ 2026" کا باقاعدہ مسودہ تیار کر لیا ہے۔ اس نئے بل کے تحت پیشہ ور گداگری کی روک تھام اور گداگروں کی مستقل بحالی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی ری ہیبلی ٹیشن سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔ بل میں بچوں، خواتین اور دیگر کمزور طبقات کے تحفظ پر خصوصی توجہ دی گئی ہے تاکہ بھکاریوں کی تربیت کر کے انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنایا جا سکے۔

نئے قانون کے مطابق پہلی بار بھیک مانگنے پر وارننگ، 10 ہزار روپے جرمانہ یا 1 ماہ قید کی سزا ہوگی۔ دوسری بار پکڑے جانے پر 1 سال تک قید اور 50 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔ معذوری کا ڈرامہ کر کے بھیک مانگنے پر 1 سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانہ، جبکہ بچوں سے بھیک منگوانے والے نیٹ ورکس کو 3 سال تک قید اور 4 لاکھ روپے تک کا بھاری جرمانہ کیا جائے گا۔ تمام متعلقہ جرائم کو ناقابلِ ضمانت قرار دیا گیا ہے اور پولیس و سوشل ویلفیئر محکموں کو فوری گرفتاری کا اختیار ہوگا۔

مزید برآں، گداگری کے خاتمے کے لیے ایک صوبائی اسٹیرنگ کمیٹی قائم کی جائے گی جس میں سوشل ویلفیئر، صحت، تعلیم، پولیس اور لوکل گورنمنٹ کے نمائندے شامل ہوں گے۔ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے بائیومیٹرک سسٹم، اے آئی شناخت، جیو ٹیگنگ اور مرکزی ڈیٹا بیس قائم کیا جائے گا۔ بل میں بیرونِ ملک موجود پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف پاسپورٹ، شناختی کارڈ اور بینک اکاؤنٹس بلاک کرنے سمیت ضرورت پڑنے پر ان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ECL) میں شامل کرنے کی انتہائی سخت سفارشات بھی پیش کی گئی ہیں۔