حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں ہلچل، تین سینئر افسران نے تبادلے کی درخواست دے دی، وجہ بھی سامنے آگئی Home / پاکستان /

گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں ہلچل، تین سینئر افسران نے تبادلے کی درخواست دے دی، وجہ بھی سامنے آگئی

ایڈیٹر - 14/07/2026
گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں ہلچل، تین سینئر افسران نے تبادلے کی درخواست دے دی، وجہ بھی سامنے آگئی

پشاور : خیبر پختونخوا کے محکمہ سیاحت سے وابستہ گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں انتظامی صورتحال اس وقت توجہ کا مرکز بن گئی جب ادارے کے تین اعلیٰ افسران نے اپنے تبادلوں کے لیے چیف سیکرٹری کو باضابطہ درخواست جمع کرا دی۔

ذرائع کے مطابق حال ہی میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے سیاحت عدیل اقبال نے گلیات کا دورہ کیا، جہاں مختلف مقامات کے معائنے کے دوران ان کے طرزِ گفتگو اور رویے پر بعض افسران نے تحفظات کا اظہار کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دورے کی ویڈیوز بھی بعد ازاں سوشل میڈیا پر جاری کی گئیں۔

اطلاعات کے مطابق اس پیش رفت کے بعد گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد فہد، ڈائریکٹر انتظامیہ نورالحق اور ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول فرخ جدون نے اپنے تبادلوں کے لیے چیف سیکرٹری کو درخواست بھیج دی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حالیہ فیلڈ وزٹ کے دوران دیے گئے بعض عوامی بیانات اور ان کی سوشل میڈیا پر تشہیر کے باعث ادارے کے اندر پیشہ ورانہ ماحول متاثر ہوا، جبکہ انتظامی اور قانونی نوعیت کے بعض ابہامات کی وجہ سے ادارے کی مؤثر کارکردگی بھی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوا ہے۔

افسران نے اپنی درخواست میں یہ بھی واضح کیا کہ تبادلے کی خواہش کو کسی ایک واقعے سے منسلک نہ کیا جائے، بلکہ یہ فیصلہ ذاتی وجوہات اور سرکاری امور کو بہتر انداز میں انجام دینے کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے درخواست کی کہ انہیں مناسب انتظامی ضرورت کے تحت دیگر مقامات پر تعینات کیا جائے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں متعدد اہم اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں، جنہیں جاری رکھنا ادارے کے مفاد میں ضروری ہے۔

دوسری جانب معاون خصوصی برائے سیاحت عدیل اقبال نے مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دورہ عوامی شکایات کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی ہدایات کے مطابق گلیات میں تجاوزات کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے گی اور غیرقانونی تعمیرات کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات بھی کرائی جائیں گی۔

عدیل اقبال نے مزید کہا کہ غیرقانونی تعمیرات میں ملوث کسی بھی شخص کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی افسر نے تبادلے یا عہدہ چھوڑنے کی درخواست دی ہے تو یہ ان کا ذاتی فیصلہ ہے، جسے اسی تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔