ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں موسلا دھار بارش کے دوران پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں کچے مکان کی چھت منہدم ہونے سے کم از کم 11 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ 12 افراد زخمی ہو گئے۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق یہ دلخراش واقعہ کوہاٹ کے نواحی پہاڑی گاؤں مالگین میں پیش آیا، جہاں شدید بارش کے باعث ایک کچا مکان اچانک زمین بوس ہو گیا۔ حادثے کے وقت گھر میں ایک تقریب جاری تھی، جس کے باعث متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔
اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو کارروائی شروع کی۔ اہلکاروں نے ملبے تلے پھنسے افراد کو نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی، جس کے بعد زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں خواتین اور کم عمر بچوں کی تعداد زیادہ ہے، جبکہ امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
دوسری جانب پنجاب کے ضلع اٹک میں بھی بارش کے باعث ایک دیوار گرنے سے پانچ افراد زخمی ہو گئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ادھر ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں میں مسلسل بارشوں کے نتیجے میں برساتی ندی نالوں میں شدید طغیانی آ گئی، جس سے نشیبی علاقوں میں مشکلات بڑھ گئی ہیں۔
بارشوں کے باعث ملتان، ڈیرہ غازی خان اور مظفرگڑھ کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی، جبکہ متعلقہ ادارے بجلی بحال کرنے کے لیے کام میں مصروف ہیں۔