حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
رسالپور میں بد بخت بیٹے نے 200 روپے نہ دینے پر سگے باپ پر فائرنگ کر دی۔ Home / پاکستان /

رسالپور میں بد بخت بیٹے نے 200 روپے نہ دینے پر سگے باپ پر فائرنگ کر دی۔

ایڈیٹر - 13/07/2026
رسالپور  میں بد بخت بیٹے نے 200 روپے نہ دینے پر سگے باپ پر فائرنگ کر دی۔

رسالپور میں معمولی رقم کے تنازع پر بیٹے کی اپنے ہی بزرگ والد پر اندھا دھند فائرنگ، تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل

رسالپور ( حسبان میڈیا): رسالپور کے نواحی علاقے شیرین کوٹھے میں معاشرتی انحطاط اور بے حسی کا ایک انتہائی افسوسناک اور دلخراش واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک ناخلف بیٹے نے محض 200 روپے نہ دینے پر طیش میں آ کر اپنے ہی سگے بزرگ والد پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں بزرگ والد شدید زخمی ہو گئے جنہیں تشویشناک حالت میں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

مقامی پولیس کی جانب سے فراہم کردہ ابتدائی تفصیلات کے مطابق، رسالپور کے علاقے شیرین کوٹھے میں ملزم عاصم نے اپنے بزرگ والد بخت زمین سے 200 روپے کی معمولی رقم کا تقاضا کیا۔ والد کی جانب سے رقم دینے سے انکار پر ملزم نے شدید غصے میں آ کر اسلحہ نکال لیا اور اپنے والد پر سیدھی فائرنگ کر دی۔ گولیوں کی زد میں آ کر بزرگ بخت زمین شدید زخمی ہو کر زمین پر گر پڑے، جبکہ واقعے کے فوری بعد ملزم عاصم موقعِ واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

واقعے کے فوراً بعد گھر والوں اور مقامی لوگوں نے شدید زخمی بزرگ بخت زمین کو خون میں لت پت حالت میں اٹھایا اور فوری طور پر قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس نوشہرہ منتقل کیا، جہاں ڈاکٹرز کے مطابق ان کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

دوسری جانب، مقامی پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد کاروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ تھانہ رسالپور میں ناخلف بیٹے عاصم کے خلاف اقدامِ قتل کی دفعہ 324 PPC کے تحت باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور اسے جلد ہی قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔