حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
امریکا، ایران کشیدگی نے عالمی منڈی ہلا دی، تیل کی قیمتوں میں بڑا اُچھال، آبنائے ہرمز پر دنیا کی نظریں Home / بین الاقوامی /

امریکا، ایران کشیدگی نے عالمی منڈی ہلا دی، تیل کی قیمتوں میں بڑا اُچھال، آبنائے ہرمز پر دنیا کی نظریں

ایڈیٹر - 13/07/2026
امریکا، ایران کشیدگی نے عالمی منڈی ہلا دی، تیل کی قیمتوں میں بڑا اُچھال، آبنائے ہرمز پر دنیا کی نظریں

امریکا اور ایران کے درمیان ایک بار پھر بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی نے عالمی توانائی مارکیٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ خطے کی غیر یقینی صورتحال نے سرمایہ کاروں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت تین فیصد سے زیادہ بڑھ گئی، جبکہ برینٹ خام تیل کی قیمت دو اعشاریہ سڑسٹھ ڈالر اضافے کے بعد اٹھہتر اعشاریہ اڑسٹھ ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی۔

توانائی کے شعبے سے وابستہ ماہرین کے مطابق قیمتوں میں یہ تیزی اس خدشے کے باعث دیکھی جا رہی ہے کہ اگر خطے میں کشیدگی مزید بڑھی تو آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل متاثر ہو سکتی ہے، جس کے اثرات عالمی سپلائی پر بھی پڑ سکتے ہیں۔

امریکی انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن کے اعداد و شمار کے مطابق جنگ سے قبل دنیا بھر میں سپلائی ہونے والے خام تیل کا تقریباً بیس فیصد حصہ آبنائے ہرمز کے راستے عالمی منڈی تک پہنچایا جاتا تھا، اسی لیے اس اہم سمندری گزرگاہ کی صورتحال پر پوری دنیا کی نظریں مرکوز ہیں۔

دوسری جانب امریکا نے ایران کے خلاف اپنی فوجی کارروائیوں میں مزید شدت لانے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی افواج نے ایران کے خلاف نئی کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔

امریکی فوج کے مطابق ان حملوں کا مقصد ایران کی ان صلاحیتوں کو کمزور کرنا ہے جن کے ذریعے، امریکی مؤقف کے مطابق، آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی اور شہری بحری جہازوں کو خطرات لاحق ہوتے ہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں موجودہ کشیدگی برقرار رہی تو نہ صرف عالمی تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے بلکہ بین الاقوامی تجارت اور توانائی کی سپلائی چین بھی دباؤ کا شکار ہو سکتی ہے۔