حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خطے میں جنگ کا نیا مرحلہ؟ ایران کا متعدد عرب ممالک میں امریکی اڈوں پر بڑے حملوں کا دعویٰ Home / بین الاقوامی /

خطے میں جنگ کا نیا مرحلہ؟ ایران کا متعدد عرب ممالک میں امریکی اڈوں پر بڑے حملوں کا دعویٰ

ایڈیٹر - 12/07/2026
خطے میں جنگ کا نیا مرحلہ؟ ایران کا متعدد عرب ممالک میں امریکی اڈوں پر بڑے حملوں کا دعویٰ

تہران: ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اتوار کی صبح قطر، کویت، بحرین اور اردن میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو بیلسٹک میزائلوں اور بارود سے لدے ڈرون طیاروں کے ذریعے نشانہ بنایا ہے، جبکہ اس کارروائی کو حالیہ امریکی حملوں کا جواب قرار دیا گیا ہے۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مختلف عرب ممالک میں قائم امریکی فوجی تنصیبات پر مربوط کارروائیاں کی گئیں، جن میں میزائلوں اور ڈرونز کا استعمال کیا گیا۔ ایرانی حکام کے مطابق یہ حملے ایران کے جنوبی علاقوں اور مواصلاتی مراکز پر ہونے والی مبینہ امریکی بمباری کے ردعمل میں کیے گئے۔

ایران نے دعویٰ کیا کہ قطر میں واقع امریکی فضائی اڈہ العدید بھی ان کارروائیوں کا اہم ہدف تھا۔ ایرانی مؤقف کے مطابق میزائل حملوں کے نتیجے میں اڈے پر موجود جنگی طیاروں کی دیکھ بھال کے مرکز اور عسکری کمان کے نظام کو شدید نقصان پہنچا۔

تاہم قطر کی وزارتِ دفاع نے ایران کے ان دعوؤں کی تصدیق نہیں کی۔ قطری حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے فضائی دفاعی نظام نے فضائی حدود کی طرف آنے والے ایک میزائل کو بروقت فضا میں ہی تباہ کر دیا، جس کے باعث کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

ایران کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ کویت اور بحرین میں موجود امریکی فوجی مراکز کو بھی ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی اطلاعات کے مطابق کویت میں فضائی دفاعی نظام، اسلحہ ذخیرہ گاہ اور ریڈار تنصیبات کو ہدف بنایا گیا، جبکہ بحرین میں امریکی فوج کے مواصلاتی اور نگرانی کے نظام پر حملے کیے گئے۔

ایرانی بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اردن میں قائم پرنس حسن فضائی اڈے پر بھی کئی بیلسٹک میزائل داغے گئے۔ ایران کے مطابق اس کارروائی کے دوران عسکری کمان کے مرکز اور ان ہینگرز کو نشانہ بنایا گیا جہاں بغیر پائلٹ جاسوس طیارے رکھے گئے تھے۔

ایرانی فوج نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا کی جانب سے مزید فوجی کارروائیاں کی گئیں تو ایران پہلے سے زیادہ سخت اور وسیع ردعمل دے گا۔

دوسری جانب ایران کے ان تمام دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔ قطر کے علاوہ کویت، بحرین، اردن اور امریکا کی جانب سے بھی اس خبر کے حوالے سے فوری طور پر کوئی باضابطہ مؤقف یا نقصانات کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں ان دعوؤں نے پورے مشرقِ وسطیٰ میں تشویش پیدا کر دی ہے، جبکہ عالمی برادری خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔