حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خیبرپختونخوا کے 8 اضلاع میں نئے فوجی آپریشن کی منظوری سے متعلق خبریں سراسر بے بنیاد اور گمراہ کن قرار۔ Home / پاکستان /

خیبرپختونخوا کے 8 اضلاع میں نئے فوجی آپریشن کی منظوری سے متعلق خبریں سراسر بے بنیاد اور گمراہ کن قرار۔

ایڈیٹر - 12/07/2026
خیبرپختونخوا کے 8 اضلاع میں نئے فوجی آپریشن کی منظوری سے متعلق خبریں سراسر بے بنیاد اور گمراہ کن قرار۔

پشاور  : وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے داخلہ و قبائلی امور طارق سعید مروت نے سوشل میڈیا اور بعض دیگر حلقوں میں گردش کرنے والی ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ صوبے کے آٹھ اضلاع میں نئے فوجی آپریشن کی منظوری دے دی گئی ہے۔ معاونِ خصوصی نے ان تمام اطلاعات کو بے بنیاد، گمراہ کن اور حقائق کے بالکل منافی قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے خیبر، باجوڑ، کرم، ٹانک، کوہاٹ، لکی مروت، بنوں اور وزیرستان میں کسی بھی قسم کے نئے فوجی آپریشن کی کوئی منظوری نہیں دی گئی۔

طارق سعید مروت نے جاری کردہ وضاحتی بیان میں مروجہ بجٹ دستاویزات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں مختلف مدات کے تحت مختص کیے جانے والے فنڈز کو کسی نئے فوجی آپریشن کی منظوری سے جوڑنا حقائق کی صریحاً غلط تشریح ہے۔ انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا کہ یہ فنڈز ہنگامی حالات، قدرتی آفات، ممکنہ نقل مکانی، متاثرین کی ریلیف، بحالی اور دیگر ضروری انتظامی امور کے لیے رکھے جاتے ہیں نہ کہ کسی عسکری کارروائی کے لیے۔

معاونِ خصوصی نے عوام اور ابلاغی اداروں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ اطلاعات اور افواہوں پر کان دھرنے کے بجائے صرف مستند اور سرکاری ذرائع سے جاری کردہ معلومات پر اعتماد کریں۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ امن و امان کا قیام، عوام کے جان و مال کا تحفظ اور متاثرہ علاقوں میں امدادی و بحالی اقدامات کے لیے حکومت تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ہر فیصلہ قومی مفاد، قانون کی حکمرانی اور عوامی فلاح کو مدنظر رکھ کر کیا جاتا ہے۔ انہوں نے میڈیا ہاؤسز کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے اور بے چینی پھیلانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔