پشاور: خیبر پختونخوا میں سروائیکل کینسر سے بچاؤ کے لیے خصوصی ویکسی نیشن مہم شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کے تحت صوبے بھر میں 9 سے 14 سال عمر کی بچیوں کو مفت ویکسین فراہم کی جائے گی۔
محکمۂ صحت کے مطابق یہ مہم نومبر میں شروع کی جائے گی، جس کے دوران سرکاری اور نجی اسکولوں میں خصوصی ویکسی نیشن سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا۔ مہم کے لیے تقریباً 29 لاکھ بچیوں کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق مہم کی کامیابی، بہتر منصوبہ بندی اور مؤثر عمل درآمد کے لیے دو اہم کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں۔ ایک کمیٹی کی سربراہی سیکریٹری صحت کریں گے، جبکہ دوسری تکنیکی کمیٹی ڈائریکٹر جنرل صحت کی نگرانی میں کام کرے گی۔ یہ کمیٹیاں مختلف اداروں کے درمیان رابطہ کاری، انتظامی امور اور تکنیکی معاملات کو یقینی بنائیں گی۔
ماہرین صحت کے مطابق سروائیکل کینسر خواتین میں پائی جانے والی ایک سنگین بیماری ہے، جس کے باعث پاکستان میں ہر سال ہزاروں نئے کیسز سامنے آتے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق سالانہ 5 ہزار سے زائد خواتین اس بیماری کا شکار ہوتی ہیں، جبکہ تقریباً 3 ہزار خواتین جان کی بازی ہار جاتی ہیں۔
محکمۂ صحت کا کہنا ہے کہ ویکسی نیشن مہم کا مقصد کم عمر بچیوں کو مستقبل میں اس بیماری سے تحفظ فراہم کرنا اور خواتین میں سروائیکل کینسر کے بڑھتے ہوئے خطرات کو کم کرنا ہے۔