اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں پیدا ہونے والی حالیہ صورتحال کے تناظر میں ایران کے صدر مسعود پزشکیان اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے علیحدہ علیحدہ ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے علاقائی امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ پر زور دیا۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے گفتگو کے دوران دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کی اہمیت اجاگر کی اور کہا کہ باہمی اعتماد، احترام اور تعاون ہی خطے میں دیرپا امن اور مشترکہ ترقی کی ضمانت بن سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے اپنی مثبت اور تعمیری کوششیں جاری رکھے گا اور ہر ایسے اقدام کی حمایت کرے گا جو استحکام اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دے۔
شہباز شریف نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی عوام کی سلامتی، خوش حالی اور ترقی کے لیے بھی نیک تمنائیں پیش کیں۔
دریں اثنا وزیراعظم نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں خطے میں حالیہ حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر قطر کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، مذاکرات اور سفارتی حل کی حمایت جاری رکھے گا۔