واشنگٹن: پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے جاری مذاکرات دوسرے روز بھی واشنگٹن میں جاری رہیں گے، جہاں دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی مشاورت کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد کی سربراہی سیکریٹری تجارت جواد پال کر رہے ہیں، جبکہ طاہر اندرابی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی مذاکرات میں شریک ہیں۔ امریکی محکمہ تجارت کے نمائندے بھی بات چیت کا حصہ ہیں۔
مذاکرات کے دوران پاکستان نے امریکی منڈی میں پاکستانی مصنوعات پر عائد انیس فیصد درآمدی محصول میں کمی کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستانی حکام کا مؤقف ہے کہ محصولات میں نرمی سے ملکی برآمدات کو فروغ ملے گا اور پاکستانی مصنوعات کو امریکی منڈی میں زیادہ مؤثر انداز میں رسائی حاصل ہو سکے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں اضافے، سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے اور معاشی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
بات چیت میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، صنعتی تعاون، سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی اور دیگر اہم اقتصادی شعبوں میں مشترکہ منصوبوں اور تعاون کے امکانات پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور امریکا دونوں اس امر پر متفق ہیں کہ باہمی اقتصادی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ایسے اقدامات کیے جائیں جو دونوں ممالک کے کاروباری اور تجارتی مفادات کے لیے سودمند ثابت ہوں۔