تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی وفد کی جانب سے شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی تعزیتی تقریب میں شرکت پر دلی تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے دکھ کی اس گھڑی میں دی جانے والی حمایت کو ایران ہمیشہ یاد رکھے گا۔
سماجی رابطے کے ذریعے جاری اپنے پیغام میں ایرانی صدر نے وزیراعظم شہباز شریف، پاکستانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تعزیت، ہمدردی اور یکجہتی کے اظہار نے دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کی ایک بار پھر عکاسی کی ہے۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے عوام نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور دونوں قوموں کے درمیان بھائی چارے، احترام اور باہمی اعتماد کا رشتہ ہمیشہ مضبوط رہا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات، دوطرفہ تعاون اور مختلف شعبوں میں روابط مزید وسعت اختیار کریں گے اور یہ شراکت داری پہلے سے زیادہ مستحکم ہوگی۔
ایرانی صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای پاکستان، اس کی قیادت اور عوام کے لیے ہمیشہ خیرسگالی کے جذبات رکھتے تھے۔ ان کے نزدیک دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ مذہبی، تاریخی اور ثقافتی اقدار ایک قیمتی سرمایہ تھیں، جنہیں مزید فروغ دینا دونوں قوموں کے مفاد میں ہے۔