حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
چین کے میزائل تجربے پر امریکا کا سخت ردِعمل، خطے میں نئی تشویش Home / بین الاقوامی /

چین کے میزائل تجربے پر امریکا کا سخت ردِعمل، خطے میں نئی تشویش

ایڈیٹر - 09/07/2026
چین کے میزائل تجربے پر امریکا کا سخت ردِعمل، خطے میں نئی تشویش

واشنگٹن: بحرالکاہل میں چین کے بیلسٹک میزائل تجربے پر امریکا نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیجنگ نے پیشگی اطلاع تو دی، تاہم وہ بین الاقوامی جوہری ضابطوں کے تقاضوں پر پوری نہیں اترتی تھی۔

امریکی محکمہ خارجہ کے حکام کے مطابق چین نے چھ جولائی کو کیے گئے میزائل تجربے سے صرف چند گھنٹے قبل واشنگٹن کو آگاہ کیا، لیکن فراہم کی جانے والی معلومات جوہری طاقت رکھنے والے پانچ ممالک کے درمیان طے شدہ شفافیت کے معیار سے خاصی کم تھیں۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ چین تیزی سے اپنے جوہری ہتھیاروں کے ذخیرے میں اضافہ کر رہا ہے، جبکہ اس عمل میں مطلوبہ شفافیت کا فقدان خطے کے ممالک کے لیے بڑھتی ہوئی تشویش کا باعث بن رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق چین نے بحرالکاہل میں اپنی ایک جوہری آبدوز سے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا، جس کے بعد خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔

اس پیش رفت پر امریکا کے علاوہ جاپان، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور تائیوان نے بھی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات سے ایشیا بحرالکاہل کے خطے میں کشیدگی بڑھنے کا اندیشہ ہے۔

امریکی حکام نے زور دیا کہ جوہری صلاحیت رکھنے والے ممالک کو اعتماد سازی، شفافیت اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل کو یقینی بنانا چاہیے تاکہ علاقائی اور عالمی امن و استحکام کو برقرار رکھا جا سکے۔