حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
حج پالیسی 2030 کی منظوری، رجسٹریشن، بچت اسکیم اور مکمل ڈیجیٹل نظام متعارف Home / پاکستان /

حج پالیسی 2030 کی منظوری، رجسٹریشن، بچت اسکیم اور مکمل ڈیجیٹل نظام متعارف

ایڈیٹر - 08/07/2026
حج پالیسی 2030 کی منظوری، رجسٹریشن، بچت اسکیم اور مکمل ڈیجیٹل نظام متعارف

وفاقی کابینہ نے حج پالیسی اور آئندہ برسوں کے جامع حج منصوبے کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت حج کے انتظامات کو جدید خطوط پر استوار کرنے، شفافیت بڑھانے اور عازمین کو زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے متعدد اہم اقدامات کیے جائیں گے۔

کابینہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئی پالیسی کے تحت حج کی خواہش رکھنے والے افراد دو ہزار تیس تک کسی بھی سال کے لیے پیشگی رجسٹریشن کرا سکیں گے۔ اس نظام کے ذریعے ترجیحی انتظار فہرست بھی مرتب کی جائے گی تاکہ حج کے انتخابی عمل کو زیادہ منظم اور شفاف بنایا جا سکے۔

حکومت نے شرعی اصولوں کے مطابق حج بچت اسکیم متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا ہے، جس کے ذریعے شہری مستقبل میں حج کی ادائیگی کے لیے مرحلہ وار رقوم جمع کرا سکیں گے اور مالی منصوبہ بندی میں آسانی حاصل ہوگی۔

وفاقی کابینہ کو بتایا گیا کہ حج کے تمام انتظامی امور کو مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام پر منتقل کیا جا رہا ہے، جس سے رجسٹریشن، درخواستوں، نگرانی اور دیگر مراحل میں شفافیت اور سہولت کو یقینی بنایا جائے گا۔

کابینہ نے ہدایت کی کہ معاونینِ حج کی تقرری مکمل شفافیت اور خالص میرٹ کی بنیاد پر کی جائے، جبکہ سرکاری اور نجی حج اسکیموں کے انتظامات کی آزادانہ جانچ بھی لازمی بنائی جائے تاکہ عازمین کو معیاری سہولتیں فراہم کی جا سکیں اور حج آپریشن کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔