حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
بڑھتی آبادی پر قابو پانے کے لیے قومی کونسل قائم، شہباز شریف سربراہ مقرر Home / پاکستان /

بڑھتی آبادی پر قابو پانے کے لیے قومی کونسل قائم، شہباز شریف سربراہ مقرر

ایڈیٹر - 08/07/2026
بڑھتی آبادی پر قابو پانے کے لیے قومی کونسل قائم، شہباز شریف سربراہ مقرر

وفاقی حکومت نے ملک میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے اعلیٰ سطح کی قومی آبادی کونسل قائم کر دی ہے۔ حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سولہ رکنی کونسل کی سربراہی کریں گے، جبکہ عسکری اور سیاسی قیادت سمیت وفاق اور صوبوں کے اہم نمائندوں کو بھی اس کا حصہ بنایا گیا ہے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو کونسل کا رکن نامزد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان بھی کونسل میں شامل ہوں گے تاکہ آبادی سے متعلق قومی پالیسی پر مشترکہ انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔

کونسل میں وفاقی وزیر خزانہ، وزیر منصوبہ بندی، وزیر صحت، وزیر تعلیم، وزیر قانون، وزیر اطلاعات اور وزیر مذہبی امور بھی شامل ہوں گے، جو آبادی میں اضافے کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے اپنی متعلقہ وزارتوں کی سطح پر تجاویز اور حکمت عملی پیش کریں گے۔

حکومت کے مطابق قومی آبادی کونسل کا بنیادی مقصد آبادی میں مسلسل اضافے پر قابو پانے کے لیے جامع پالیسی مرتب کرنا، وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی پیدا کرنا اور خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق اقدامات کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ آبادی کے بارے میں عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے مذہبی علما، سماجی تنظیموں اور نجی شعبے کو بھی قومی مہم میں شامل کیا جائے گا، تاکہ اس اہم معاملے پر آگاہی اور عملی اقدامات کو فروغ دیا جا سکے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ قومی آبادی کونسل وقتاً فوقتاً آبادی سے متعلق پالیسیوں پر عملدرآمد کا جائزہ لے گی، متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنائے گی اور ضرورت کے مطابق نئی سفارشات بھی پیش کرے گی۔