بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے کلی جدید میاں خان میں کھلونا نما دھماکا خیز چیز پھٹنے سے دو کمسن بچے جاں بحق جبکہ ایک بچہ شدید زخمی ہو گیا۔ افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس اور متعلقہ اداروں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق بچوں کو گھر سے باہر ایک ایسی چیز ملی جو بظاہر کھلونا معلوم ہوتی تھی۔ وہ اسے اپنے گھر لے آئے اور کھیلنے کے دوران اچانک زور دار دھماکا ہو گیا، جس کے نتیجے میں دو بچے موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ایک بچہ شدید زخمی ہو گیا۔
زخمی بچے کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ جاں بحق بچوں کی لاشیں بھی قانونی کارروائی کے لیے اسپتال پہنچا دی گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچوں کی عمریں تقریباً آٹھ سے تیرہ سال کے درمیان ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور بم ناکارہ بنانے والے عملے کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔ حکام کے مطابق دھماکے کی نوعیت اور اس میں استعمال ہونے والے مواد کا تعین کیا جا رہا ہے، جبکہ مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔