حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
نوشہرہ میں گھریلو جھگڑا خونی تصادم میں تبدیل، بیٹوں کی فائرنگ سے باپ جاں بحق، پولیس مقابلے میں دونوں قاتل بھائی بھی جان بحق Home / پاکستان /

نوشہرہ میں گھریلو جھگڑا خونی تصادم میں تبدیل، بیٹوں کی فائرنگ سے باپ جاں بحق، پولیس مقابلے میں دونوں قاتل بھائی بھی جان بحق

ایڈیٹر - 07/07/2026
نوشہرہ میں گھریلو جھگڑا خونی تصادم میں تبدیل، بیٹوں کی فائرنگ سے باپ جاں بحق، پولیس مقابلے میں دونوں قاتل بھائی بھی جان بحق

خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ کے علاقے پبی جنگل کورونہ میں گھریلو ناچاقی کے نتیجے میں ہونے والا معمولی جھگڑا ہولناک خونی تصادم میں تبدیل ہو گیا۔ فائرنگ اور پولیس مقابلے کے اس افسوسناک واقعے میں باپ اور اس کے دو بیٹوں سمیت ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک پولیس اہلکار شدید زخمی ہوا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق پبی جنگل کورونہ میں گھریلو جھگڑے کے دوران دو سگے بھائیوں، طلحہ اور زبیر نے اشتعال میں آ کر اپنے ہی والد پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں باپ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری ملزمان کی گرفتاری کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچی۔ پولیس کو دیکھتے ہی سفاک ملزمان نے گرفتاری دینے کے بجائے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر بھی سیدھی فائرنگ کر دی۔

ملزمان کی جانب سے کی جانے والی اچانک فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار عبدالحلیم گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس نے پوزیشن سنبھالتے ہوئے حقِ حفاظتِ خود اختیاری کے تحت جوابی کارروائی کی، جس میں دونوں قاتل بھائی طلحہ اور زبیر موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔

واقعے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیموں اور پولیس نے تینوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے میاں راشد شہید ہسپتال پبی منتقل کر دیا۔ شدید زخمی ہونے والے پولیس اہلکار عبدالحلیم کو ہسپتال میں فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر واقعے کی باقاعدہ تفتیش اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔