پشاور: سربند میں گھریلو تلخی کا ہولناک انجام، مشتعل بیٹے کی اندھا دھند فائرنگ سے والد اور بھائی جاں بحق، ملزم فرار
خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے نواحی علاقے سربند میں گھریلو ناچاقی اور تلخ کلامی کے نتیجے میں ایک لرزہ خیز واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک سنگدل بیٹے نے فائرنگ کر کے اپنے سگے باپ اور بھائی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق یہ ہولناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب گھر میں والدہ کا انتقال ہوا، جس پر والد نے مبینہ طور پر بیٹے کو اس موت کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ اس بات پر گھر میں شدید تکرار شروع ہو گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے خونی تصادم کی شکل اختیار کر لی۔
پولیس حکام کے مطابق، تھانہ سربند میں درج رپورٹ میں مقتول خانزیب کے تیسرے بیٹے ریاض نے بیان دیا کہ پیر کے روز ان کی والدہ کا انتقال ہوا تھا۔ والدہ کے غم میں پورا خاندان نڈھال تھا کہ اسی دوران والد اور بھائی امجد کے درمیان شدید تکرار ہوئی۔ تلخ کلامی اس حد تک بڑھی کہ ملزم امجد شدید طیش میں آ گیا اور اس نے پستول اٹھا کر اپنے والد خانزیب اور بھائی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ گولیوں کی بوچھاڑ کے نتیجے میں دونوں موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
واقعے کے فوراً بعد ملزم اسلحہ لہراتے ہوئے جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ فائرنگ کی آواز سن کر اہل علاقہ کی بڑی تعداد جمع ہو گئی اور پورے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کیا۔ پولیس نے مقتولین کے ورثاء کے بیانات کی روشنی میں مقدمہ درج کر کے فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں۔