اسلام آباد: نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار کی فراہمی کے لیے بڑا اقدام، وزیراعظم کی سفارتخانوں کو مواقع تلاش کرنے کی سخت ہدایت
وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے باصلاحیت نوجوانوں کو بین الاقوامی سطح پر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بیرون ملک مقیم پاکستانی سفارتخانوں کو متحرک ہونے کا حکم دے دیا ہے۔ اسلام آباد میں منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستانی افرادی قوت انتہائی باصلاحیت ہے اور حکومت انہیں عالمی معیار کی تعلیم اور بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے سفارتخانوں کو ہدایت کی کہ وہ بیرون ملک روزگار کے مواقع تلاش کرنے کے عمل میں تیزی لائیں اور ڈیٹا کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے پروٹیکٹریٹ آف امیگریشن کے تمام تر نظام کو فوری طور پر ڈیجیٹلائز کرنے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے وزارت اوورسیز پاکستانیز، نیوٹیک (NAVTTC) اور یوتھ پروگرام کو پابند کیا کہ وہ نوجوانوں کے لیے جدید ہنر اور بین الاقوامی زبانوں کے کورسز معہ عالمی سرٹیفیکیشنز کو یقینی بنائیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی اداروں کو اپنی سرٹیفیکیشنز کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالنے کے لیے دنیا کے مختلف ممالک کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط کرنا ہوگا۔
اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت کے "ڈیجیٹل یوتھ ہب" پورٹل پر اب تک 8 لاکھ سے زائد نوجوان کامیابی کے ساتھ رجسٹر ہو چکے ہیں۔ نوجوانوں کو بیرون ملک ملازمتوں کے حصول کے لیے خصوصی تربیتی پروگرامز بھی کامیابی سے جاری ہیں۔ بریفنگ کے مطابق، اب بیرون ملک موجود پاکستانی سفارتخانے وہاں دستیاب ملازمتوں کے مواقع اور ان کے لیے درکار مطلوبہ قابلیت کی تمام تفصیلات براہِ راست ڈیجیٹل یوتھ ہب پورٹل پر فراہم کریں گے، تاکہ نوجوان شفاف طریقے سے ان سے فائدہ اٹھا سکیں۔