مردان: پلاٹ کی پیمائش پر تکرار کے دوران بھائی نے بھائی کو قتل کر دیا، فائرنگ سے مقتول کا سالہ بھی شدید زخمی
مردان:
خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں جائیداد کے دیرینہ تنازعے نے ایک معصوم جان لے لی۔ تھانہ صدر کے علاقہ منگاہ میں پلاٹ کی پیمائش کے دوران ہونے والی تلخ کلامی خونی تصادم میں تبدیل ہو گئی، جہاں سگے بھائی نے بے دردی سے فائرنگ کر کے اپنے ہی بھائی کو موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر مقتول کا سالہ بھی شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سفاک ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا ہے۔
مردان بیورو رپورٹ کے مطابق، مقتول مسافر خان کے 19 سالہ بیٹے ذکریا نے تھانہ صدر میں پولیس کو ابتدائی بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے بتایا کہ اس کے چچا امین خان نے پلاٹ کی تقسیم اور پیمائش کے دوران ان کے والد کے ساتھ جان بوجھ کر تکرار شروع کی۔ بات بڑھنے پر ملزم امین خان نے طیش میں آکر اچانک پستول نکال لیا اور اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ذکریا کے والد مسافر خان گولیوں کی زد میں آکر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق، فائرنگ کے اس اندوہناک واقعے میں مقتول مسافر خان کے سالے (ذکریا کے ماموں) عاصم خان بھی شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے فوری بعد ملزم کو حراست میں لے کر اس کے خلاف قتل اور اقدامِ قتل کی سنگین دفعات کے تحت باضابطہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔