حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ملاکنڈ ڈویژن میں باقاعدہ ٹیکس نظام نافذ؛ بینکوں سے رقم نکلوانے پر فی لاکھ 800 روپے ٹیکس کی کٹوتی شروع۔ Home / پاکستان /

ملاکنڈ ڈویژن میں باقاعدہ ٹیکس نظام نافذ؛ بینکوں سے رقم نکلوانے پر فی لاکھ 800 روپے ٹیکس کی کٹوتی شروع۔

ایڈیٹر - 02/07/2026
ملاکنڈ ڈویژن میں باقاعدہ ٹیکس نظام نافذ؛ بینکوں سے رقم نکلوانے پر فی لاکھ 800 روپے ٹیکس کی کٹوتی شروع۔


حکومتی احکامات کے تحت ملاکنڈ ڈویژن میں باقاعدہ طور پر ٹیکس نظام نافذ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد آج سے بینکوں سے رقوم نکلوانے پر بھاری ٹیکس کٹوتی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ ضلعی مالیاتی ذرائع اور بینکنگ حکام کے مطابق، نئے ٹیکس شیڈول کے تحت بینک صارفین کی جانب سے ہر ایک لاکھ روپے کی رقم نکلوانے پر 800 روپے کی ٹیکس کٹوتی کی جا رہی ہے۔ اس اقدام سے ملاکنڈ ڈویژن کے تمام اضلاع میں سالہا سال سے نافذ ٹیکس استثنیٰ کا عملی طور پر خاتمہ ہو گیا ہے۔

اس اچانک کٹوتی اور ٹیکس نظام کے نفاذ کے باعث مقامی تاجر برادری، صنعتکاروں اور عام شہریوں میں شدید تشویش اور بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ کاروباری مراکز اور مارکیٹوں میں اس فیصلے کو معاشی قتل کے مترادف قرار دیا جا رہا ہے۔ تاجر رہنماؤں کا مؤقف ہے کہ ملاکنڈ ڈویژن طویل عرصے سے دہشت گردی، سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کی وجہ سے شدید معاشی بحران کا شکار رہا ہے، ایسے میں نئے ٹیکسز کا نفاذ مقامی معیشت کو مکمل طور پر مفلوج کر دے گا۔

بینکنگ ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں وفاقی اور صوبائی مالیاتی اداروں کی جانب سے کٹوتی کے واضح احکامات موصول ہوئے تھے جن پر آج سے بلاتعطل عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب، عوامی حلقوں نے حکومت سے اس ظالمانہ کٹوتی کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اگر ملاکنڈ ڈویژن کی خصوصی آئینی حیثیت اور ٹیکس استثنیٰ کو بحال نہ کیا گیا تو وہ سخت احتجاجی تحریک شروع کرنے پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔