تہران: ایران کی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حملوں کے جواب میں بحرین اور کویت میں موجود امریکی تنصیبات کو میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کارروائیوں میں بحریہ اور فضائی و خلائی دستوں نے مشترکہ طور پر حصہ لیا اور مخصوص اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
بیان کے مطابق یہ کارروائیاں حالیہ امریکی حملوں کے ردعمل میں کی گئیں، جنہیں ایران اپنی خودمختاری اور سلامتی کے خلاف اقدام قرار دیتا ہے۔
پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران پر ہونے والے حملے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی پہلی شق کے منافی ہیں اور ایسے اقدامات نے سفارتی کوششوں کو متاثر کیا ہے۔
ایرانی فوجی قیادت نے خبردار کیا ہے کہ اگر مستقبل میں ایران کے خلاف مزید کارروائیاں کی گئیں تو اس کا جواب پہلے سے زیادہ سخت انداز میں دیا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا کہ ایران اپنے قومی مفادات، علاقائی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے اور کسی بھی دشمنانہ کارروائی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
دوسری جانب ان دعوؤں کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں، جبکہ مبصرین کے مطابق خلیجی خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر عالمی سطح پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔