ٹوکیو: جاپان نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور انسانی بحران سے متاثرہ آبادی کی مدد کے لیے ایران، لبنان اور فلسطین کے لیے ایک کروڑ پچاس لاکھ امریکی ڈالر کی ہنگامی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
جاپانی وزارت خارجہ کے مطابق یہ مالی معاونت صحت، علاج معالجے، غذائی ضروریات، صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے استعمال کی جائے گی تاکہ جنگ اور تنازعات سے متاثرہ شہریوں کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔
حکام کے مطابق یہ امدادی رقم براہِ راست متعلقہ حکومتوں کے بجائے بین الاقوامی امدادی اداروں اور فلاحی تنظیموں کے ذریعے متاثرہ علاقوں تک پہنچائی جائے گی تاکہ امدادی سرگرمیوں کو مؤثر بنایا جا سکے۔
جاپانی حکومت نے ایران کے لیے سب سے زیادہ امدادی رقم مختص کی ہے۔ مجموعی طور پر ایک کروڑ امریکی ڈالر مختلف امدادی منصوبوں کے لیے فراہم کیے جائیں گے، جن کے ذریعے صحت، صاف پانی، بنیادی ضروریات اور غذائی امداد کے پروگرام چلائے جائیں گے۔
اس کے علاوہ لبنان میں بے گھر ہونے والے افراد اور متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے چالیس لاکھ امریکی ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔ یہ امداد طبی خدمات، خوراک، پناہ گاہوں اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر خرچ کی جائے گی۔
فلسطین کے مغربی کنارے میں متاثرہ خاندانوں، خصوصاً بچوں کے لیے بھی امدادی فنڈ رکھا گیا ہے، جس کے ذریعے صاف پانی، نکاسِ آب اور صحت و صفائی سے متعلق منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔
جاپانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ حالیہ جنگی حالات کے باعث ایران، لبنان اور فلسطینی علاقوں میں عام شہری شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ متعدد علاقوں میں اسپتال، تعلیمی ادارے، رہائشی عمارتیں اور بنیادی ڈھانچہ متاثر ہوا ہے، جس کے باعث لاکھوں افراد کو انسانی امداد کی ضرورت ہے۔
جاپان نے اپنی مقامی امدادی تنظیموں کے ذریعے بھی اضافی مالی تعاون فراہم کیا ہے، جس کے تحت لبنان میں موجود پناہ گزینوں اور متاثرہ خاندانوں میں ضروری اشیائے خورونوش اور روزمرہ استعمال کی اشیا تقسیم کی جا رہی ہیں۔
جاپانی حکومت کے مطابق اس امدادی پیکج کا مقصد خطے میں انسانی بحران سے متاثرہ افراد کی فوری مدد اور بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔