حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ایران کا امریکا کو دوٹوک پیغام، حملے کا جواب ہماری مرضی کے وقت اور مقام پر ہوگا Home / بین الاقوامی /

ایران کا امریکا کو دوٹوک پیغام، حملے کا جواب ہماری مرضی کے وقت اور مقام پر ہوگا

ایڈیٹر - 27/06/2026
ایران کا امریکا کو دوٹوک پیغام، حملے کا جواب ہماری مرضی کے وقت اور مقام پر ہوگا

تہران: ایران کی پاسداران انقلاب نے امریکی فضائی کارروائیوں پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ حالیہ حملوں کا جواب ضرور دیا جائے گا اور اس کے وقت اور نوعیت کا فیصلہ ایران خود کرے گا۔

ایرانی سرکاری ذرائع کے مطابق پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حملے کے دوران جزیرہ سرک کے اطراف کی دفاعی کارروائیوں میں بحری اور فضائی یونٹوں نے مؤثر کردار ادا کیا اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔

بیان میں کہا گیا کہ ایران اپنی سرزمین اور قومی خودمختاری کے خلاف ہونے والی کسی بھی کارروائی کو نظر انداز نہیں کرے گا اور اس کا جواب مناسب وقت اور مناسب مقام پر دیا جائے گا۔

پاسداران انقلاب نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں کسی بھی نئی کارروائی یا اشتعال انگیزی کا سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

ایرانی فوجی حکام کے مطابق حالیہ امریکی حملوں نے خطے کی صورتحال کو مزید کشیدہ بنا دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران اپنی سرحدوں، قومی مفادات اور خودمختاری کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

دوسری جانب امریکی حکام کا مؤقف ہے کہ حالیہ فضائی کارروائیاں آبنائے ہرمز میں ایک تجارتی جہاز پر ہونے والے حملے کے بعد کی گئیں۔ امریکی فوجی کمان کے مطابق پچیس جون کو ایک تجارتی جہاز کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد ایران کے بعض میزائل، ڈرون ذخائر اور ساحلی نگرانی کے مراکز پر کارروائی کی گئی۔

خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتا ہوا تناؤ خلیجی خطے کی سیکیورٹی اور عالمی بحری تجارت پر بھی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔