حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
امریکی تحویل سے آزاد ایرانی عملہ کراچی پہنچ گیا، پاکستان نے اہم کردار ادا کر دیا Home / پاکستان /

امریکی تحویل سے آزاد ایرانی عملہ کراچی پہنچ گیا، پاکستان نے اہم کردار ادا کر دیا

ایڈیٹر - 27/06/2026
امریکی تحویل سے آزاد ایرانی عملہ کراچی پہنچ گیا، پاکستان نے اہم کردار ادا کر دیا

کراچی: امریکی تحویل سے رہائی پانے والے ایرانی تیل بردار جہاز کے بائیس اہلکار کراچی پہنچ گئے، جہاں انہیں ضروری کارروائی کے بعد ایرانی قونصل خانے کے حکام کے سپرد کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق بین الاقوامی سمندری حدود میں زیر حراست رہنے والے ایرانی عملے کی رہائی سفارتی کوششوں اور پاکستان کی معاونت کے نتیجے میں ممکن ہوئی۔ کراچی آمد کے بعد تمام اہلکاروں کو ایرانی سفارتی نمائندوں کی تحویل میں دے دیا گیا۔

ایرانی ذرائع ابلاغ نے بھی اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تیل بردار جہاز کے عملے کے ارکان محفوظ طریقے سے پاکستان پہنچ گئے ہیں اور ان کی وطن واپسی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی بائیس ایرانی اہلکاروں کی کراچی آمد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اس معاملے میں ایران اور متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا، جس کے نتیجے میں ان افراد کی محفوظ منتقلی ممکن ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران یہ ایرانی عملے کا چوتھا گروپ ہے جس کی واپسی میں پاکستان نے سہولت فراہم کی ہے۔ ان کے مطابق اب تک مجموعی طور پر ستر ایرانی شہری پاکستانی سرزمین کے ذریعے بحفاظت اپنے ملک واپس جا چکے ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ایرانی قیادت کی جانب سے پاکستان پر اعتماد دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کا مظہر ہے اور پاکستان اس اعتماد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے وزارت خارجہ اور دیگر متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام اداروں نے مربوط رابطہ کاری اور پیشہ ورانہ انداز میں اپنی ذمہ داریاں ادا کیں، جس کے باعث یہ انسانی اور سفارتی کوشش کامیابی سے مکمل ہوئی۔