حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
سمندری راستوں کا تحفظ دنیا کی مجبوری بن چکا، وزیراعظم شہباز شریف کا بڑا اعلان Home / پاکستان /

سمندری راستوں کا تحفظ دنیا کی مجبوری بن چکا، وزیراعظم شہباز شریف کا بڑا اعلان

ایڈیٹر - 27/06/2026
سمندری راستوں کا تحفظ دنیا کی مجبوری بن چکا، وزیراعظم شہباز شریف کا بڑا اعلان

کراچی: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ عالمی حالات نے ثابت کر دیا ہے کہ سمندری راستوں کا تحفظ اور بحری تجارت کی بلا رکاوٹ نقل و حرکت دنیا کی معاشی بقا کے لیے ناگزیر ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سمندروں میں جہازوں کی آزادانہ آمدورفت اب کسی اضافی سہولت کا نام نہیں بلکہ عالمی تجارت اور سپلائی نظام کی بنیادی ضرورت بن چکی ہے۔

کراچی میں پاکستان نیول اکیڈمی پی این ایس رہبر میں منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اگر عالمی سمندری راستے غیر محفوظ ہو جائیں تو دنیا کی معیشت، تجارت اور اشیائے ضروریہ کی ترسیل شدید متاثر ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے اور ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والا امن معاہدہ پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس پیش رفت کے لیے فیلڈ مارشل کی مسلسل کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے اور ملک دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے تمام ادارے متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق کے دوران پاک بحریہ نے انتہائی مؤثر اور قابلِ فخر کردار ادا کیا۔

وزیراعظم نے پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بحریہ نہ صرف ملکی سرحدوں اور سمندری حدود کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے بلکہ پورے خطے میں امن اور استحکام کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

تقریب میں وزیراعظم کی آمد پر سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے ان کا استقبال کیا جبکہ انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس نے وطن کے دفاع اور قومی خدمت کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایرانی صدر کے حالیہ دورۂ پاکستان سے دونوں ہمسایہ ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے بحرین، عراق اور جبوتی سے تعلق رکھنے والے کیڈٹس کی تربیت کو پاکستان اور دوست ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کا عملی مظہر قرار دیا۔

تقریب کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں اعزازات بھی تقسیم کیے گئے۔ مڈشپ مین عمر مختار کو بہترین مجموعی کارکردگی پر اعزازی شمشیر دی گئی، جبکہ آفیسر کیڈٹ حافظ محمد احمد نے چیف آف ڈیفنس فورسز گولڈ میڈل حاصل کیا۔ آفیسر کیڈٹ الویرا حمزہ کو کمانڈنٹ گولڈ میڈل سے نوازا گیا جبکہ اکیڈمی ڈرک مڈشپ مین ہادی عباس خان کے نام رہی۔

تقریب میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری شخصیات نے بھی شرکت کی۔