حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
اسرائیل نے امریکا سے تل ابیب کا بن گورین ایئرپورٹ خالی کرانے کا مطالبہ کردیا ۔ Home / بین الاقوامی /

اسرائیل نے امریکا سے تل ابیب کا بن گورین ایئرپورٹ خالی کرانے کا مطالبہ کردیا ۔

ایڈیٹر - 25/06/2026
 اسرائیل نے امریکا سے  تل ابیب کا بن گورین ایئرپورٹ خالی کرانے کا مطالبہ کردیا ۔

تل ابیب: اسرائیل نے امریکا سے بن گوریون بین الاقوامی ہوائی اڈے پر موجود فوجی اور ایندھن بردار طیاروں کی تعداد کم کرنے کی درخواست کرتے ہوئے فضائی آپریشنز سے متعلق خدشات سے آگاہ کر دیا ہے۔

اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی حکام نے امریکی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ تل ابیب کے مرکزی ہوائی اڈے پر موجود اضافی امریکی طیاروں کو منتقل کیا جائے تاکہ شہری پروازوں کی روانی متاثر نہ ہو۔

رپورٹس کے مطابق امریکا اس سے قبل بن گوریون ہوائی اڈے سے متعدد ایندھن بردار طیارے منتقل کر چکا ہے، تاہم اسرائیلی حکام نے مزید فوجی طیاروں کو بھی متبادل مقامات پر منتقل کرنے کی درخواست کی ہے۔

اسرائیلی حکام کا مؤقف ہے کہ موسمِ گرما کے دوران مسافر پروازوں میں اضافے کے باعث ہوائی اڈے پر دباؤ بڑھ سکتا ہے، جبکہ امریکی فوجی اور ایندھن بردار طیاروں کی موجودگی سے شہری فضائی سرگرمیوں اور پروازوں کے شیڈول پر اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔

ذرائع کے مطابق اسرائیل نے واشنگٹن کو آگاہ کیا ہے کہ ہوائی اڈے پر بڑھتی ہوئی عسکری سرگرمیوں کے باعث مسافر طیاروں کی آمد و رفت متاثر ہو سکتی ہے، جس کے پیش نظر فضائی آپریشنز میں توازن پیدا کرنا ضروری ہے۔

اسرائیلی حکومت نے امریکی حکام سے بن گوریون ہوائی اڈے پر موجود فوجی طیاروں کی تعداد میں مزید کمی کی بھی درخواست کی ہے تاکہ شہری اور عسکری فضائی سرگرمیوں کو الگ انداز میں منظم کیا جا سکے۔

دوسری جانب امریکی اور اسرائیلی حکام کے درمیان طیاروں کی ممکنہ منتقلی اور فضائی انتظامات کے حوالے سے سفارتی رابطے اور مشاورت کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ دونوں ممالک اس معاملے کا متفقہ حل تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق خطے میں جاری سیکیورٹی صورتحال اور بڑھتی ہوئی عسکری نقل و حرکت کے باعث اسرائیل کے مرکزی ہوائی اڈے پر دباؤ میں اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں شہری فضائی آپریشنز کو برقرار رکھنے کے لیے انتظامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔