حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
گلگت بلتستان کی کے-6 چوٹی پر المناک حادثہ، برفانی تودہ گرنے سے فرانسیسی کوہ پیما ہلاک، بین الاقوامی مہم کی دو رکنی ٹیم تاحال لاپتہ Home / پاکستان /

گلگت بلتستان کی کے-6 چوٹی پر المناک حادثہ، برفانی تودہ گرنے سے فرانسیسی کوہ پیما ہلاک، بین الاقوامی مہم کی دو رکنی ٹیم تاحال لاپتہ

ایڈیٹر - 25/06/2026
گلگت بلتستان کی کے-6 چوٹی پر المناک حادثہ، برفانی تودہ گرنے سے فرانسیسی کوہ پیما ہلاک، بین الاقوامی مہم کی دو رکنی ٹیم تاحال لاپتہ

اسکردو: گلگت بلتستان کے ضلع گانچھے کی وادی ہُشے میں واقع کے-6 چوٹی پر برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں ایک فرانسیسی کوہ پیما جاں بحق ہو گیا، جبکہ مہم میں شامل دیگر دو غیر ملکی کوہ پیما تاحال بیس کیمپ واپس نہیں پہنچ سکے۔

الپائن کلب پاکستان کے مطابق حادثہ کوہ پیمائی کے دوران پیش آیا، جہاں تین رکنی بین الاقوامی ٹیم کے ارکان کے-6 چوٹی سر کرنے کی مہم پر روانہ تھے۔ اسی دوران برفانی تودہ گرنے سے ایک فرانسیسی کوہ پیما جان کی بازی ہار گیا۔

حکام کے مطابق حادثے کے بعد ٹیم کے دیگر دو ارکان سے بھی رابطہ منقطع ہو گیا ہے اور وہ اب تک بیس کیمپ واپس نہیں پہنچ سکے، جس کے باعث ان کی سلامتی کے حوالے سے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔

الپائن کلب کے حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ، پولیس اور رضاکاروں پر مشتمل ریسکیو ٹیم کو متاثرہ علاقے کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے، جبکہ لاپتا کوہ پیماؤں کی تلاش اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

وادی ہُشے اور کے-6 چوٹی کا شمار دنیا کے دشوار گزار اور خطرناک کوہ پیمائی کے مقامات میں کیا جاتا ہے، جہاں موسمی حالات میں اچانک تبدیلی اور برفانی تودوں کے خطرات کوہ پیماؤں کے لیے مستقل چیلنج بنے رہتے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیمیں موسم اور جغرافیائی مشکلات کے باوجود متاثرہ مقام تک رسائی کی کوشش کر رہی ہیں، جبکہ لاپتا کوہ پیماؤں کی تلاش کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ گلگت بلتستان کے بلند و بالا پہاڑ ہر سال دنیا بھر سے کوہ پیماؤں کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں، تاہم دشوار گزار راستوں اور غیر متوقع موسمی حالات کے باعث یہاں کوہ پیمائی کے دوران حادثات کے خدشات بھی موجود رہتے ہیں۔