سوات (بیورو رپورٹ) تحصیل مٹہ کے علاقے بیدرہ میں دن دیہاڑے چوری کی ایک بڑی واردات اس وقت ناکام بنا دی گئی جب سکول سے واپس آنے والے ایک بچے کی حاضر دماغی نے مبینہ چور خواتین کو بے نقاب کر دیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق بچے نے گھر پہنچ کر مرکزی دروازے کا تالا ٹوٹا ہوا پایا اور اندر داخل ہوا تو وہاں موجود ایک خاتون نے اسے پکڑنے کی کوشش کی۔ بچے نے فوری طور پر شور مچایا اور اپنے کزنز کو آوازیں دیں، جس پر اہل علاقہ موقع پر پہنچ گئے۔مقامی افراد کے مطابق شور و غل کے دوران فرار ہونے کی کوشش کرنے والی تین خواتین کو قابو کر لیا گیا، جبکہ ان کے قبضے سے سونا، کمبل، چادریں اور دیگر گھریلو سامان برآمد ہوا۔ متاثرہ خاندان کے مطابق گرفتار خواتین کے ساتھ مزید دو خواتین اور ایک رکشہ ڈرائیور بھی موجود تھا، جو ہنگامہ شروع ہوتے ہی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔متاثرہ خاندان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مبینہ طور پر پشاور سے تعلق رکھنے والی خواتین کے پاس نہ شناختی کارڈ تھا اور نہ ہی کوئی سفری دستاویز، جس پر انہوں نے سوال اٹھایا کہ وہ سوات تک کیسے پہنچیں۔ پولیس نے گرفتار خواتین کو تھانہ مٹہ منتقل کر دیا ہے، جہاں ان سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ متاثرہ خاندان کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
۔۔۔۔۔