سوات: جعلی پولیس اہلکار بن کر واردات کی کوشش، دو ملزمان گرفتار، جعلی کرنسی برآمد
سوات (بیورو رپورٹ) سوات میں فوجداری پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرنے والے ایک ملزم سمیت دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا، جن کے قبضے سے جعلی پاکستانی کرنسی اور نقد رقم بھی برآمد کر لی گئی۔ پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع ملی تھی کہ ایک موٹر کار میں سوار دو مشکوک افراد کسی واردات کی غرض سے تھانہ فتح پور اور تھانہ خوازہ خیلہ کی حدود میں داخل ہوئے ہیں۔ اطلاع ملنے پر فرحت آباد خوازہ خیلہ کے مقام پر ناکہ بندی کی گئی، جہاں مشکوک گاڑی نمبرایل زیڈ ڈبلیو ۔4 کو روک لیا گیا۔
پولیس کے مطابق گاڑی حامد خان ولد فضل غنی سکنہ کوٹکہ خان شیرین، ضلع بنوں چلا رہا تھا، جس نے ایلیٹ فورس جیسی وردی، پولیس مونوگرام والی شرٹ اور سروس بوٹ پہن رکھے تھے، جبکہ اس کے ہمراہ فرنٹ سیٹ پر انعام اللہ ولد محمد سبحان سکنہ بنوں موجود تھا۔ جامہ تلاشی کے دوران دونوں ملزمان سے مجموعی طور پر 85 ہزار روپے نقدی اور پانچ ہزار روپے مالیت کے 17 جعلی پاکستانی نوٹ برآمد کیے گئے۔پولیس کے مطابق ملزمان اپنی موجودگی اور ضلع سوات آنے کی کوئی تسلی بخش وجہ بیان نہ کر سکے۔ ریکارڈ چیک کرنے پر معلوم ہوا کہ مرکزی ملزم حامد خان کے خلاف ڈکیتی، سرقہ بالجبر، چوری اور جعلی کرنسی سمیت مختلف نوعیت کے چھ مقدمات خیبر پختونخوا کے مختلف تھانوں میں درج ہیں اور وہ ضمانت پر رہا تھا۔ پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ تھانہ خوازہ خیلہ میں درج کر لیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
۔۔۔۔۔۔