لاہور: پنجاب حکومت نے جنگلی حیات کے تحفظ اور زخمی جانوروں کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے کے لیے ملک کا پہلا موبائل وائلڈ لائف کلینک متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے جنگلی جانوروں کا معائنہ، تشخیص اور ابتدائی علاج ان کی موجودہ جگہ پر ہی ممکن بنایا جا سکے گا۔
لاہور سفاری پارک میں قائم اس جدید موبائل طبی یونٹ کو جدید طبی سہولیات اور آلات سے لیس کیا گیا ہے، جن میں پورٹیبل ایکسرے مشین، الٹراساؤنڈ نظام، دل کی جانچ کے آلات، آکسیجن فراہمی کے انتظامات، ضروری لیبارٹری سہولیات اور معمولی جراحی کے لیے درکار جدید طبی سامان شامل ہے۔
محکمہ جنگلی حیات کے حکام کے مطابق اس منصوبے کا بنیادی مقصد ایسے زخمی یا بیمار جانوروں کو فوری طبی امداد فراہم کرنا ہے جنہیں دور دراز علاقوں یا قدرتی مساکن سے اسپتال منتقل کرنا ممکن نہیں ہوتا۔
ڈائریکٹر ویٹرنری سروسز ڈاکٹر رضوان خان نے بتایا کہ جنگلی جانوروں کو ایک مقام سے دوسرے مقام تک منتقل کرنے کے دوران انہیں شدید ذہنی دباؤ اور جسمانی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اسی لیے موقع پر طبی سہولیات کی فراہمی کی ضرورت محسوس کی گئی۔
ان کے مطابق موبائل کلینک میں نصب بیشتر طبی آلات بیٹری اور ری چارج ایبل نظام پر کام کرتے ہیں، جنہیں صحرائی، پہاڑی اور دور افتادہ علاقوں میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ بجلی کی مسلسل فراہمی کے لیے گاڑی میں شمسی توانائی کے نظام اور جنریٹر کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر رضوان خان نے بتایا کہ کلینک میں جدید ڈارٹ گن بھی موجود ہے، جس کے ذریعے ضرورت پڑنے پر جنگلی جانوروں کو محفوظ فاصلے سے دوا دی جا سکتی ہے یا انہیں بے ہوش کیا جا سکتا ہے، جبکہ جدید تشخیصی آلات کی مدد سے بیماریوں اور زخموں کی فوری نشاندہی بھی ممکن ہوگی۔
حکام کے مطابق یہ خصوصی موبائل یونٹ پنجاب بھر کے سفاری پارکس، چڑیا گھروں، جنگلی حیات کے مراکز اور ریسکیو کارروائیوں میں استعمال کیا جائے گا تاکہ زخمی یا بیمار جانوروں کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
اس کے ساتھ ساتھ جدید جنگلی حیات ریسکیو سینٹر اور جدید طبی سہولیات سے آراستہ خصوصی اسپتال بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں متعدد زخمی اور بیمار جانوروں کا کامیاب علاج اور آپریشن کیا جا چکا ہے۔
محکمہ جنگلی حیات کے مطابق اس منصوبے سے نہ صرف جانوروں کے علاج اور ریسکیو کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا بلکہ بروقت تشخیص اور علاج کی بدولت جنگلی جانوروں کی اموات میں بھی نمایاں کمی لانے میں مدد ملے گی۔