دوحہ: قطر کے راس لفان ایل این جی گیس پلانٹ میں ہولناک دھماکا، پاکستانی ملازمین سمیت 13 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی و لاپتا
قطر کے صنعتی شہر دوحہ کے قریب واقع راس لفان کمپلیکس گیس پلانٹ میں ایک انتہائی ہولناک دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں پاکستانی شہریوں سمیت کم از کم 13 افراد جاں بحق اور 66 سے زائد افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی ہولناک گونج 70 کلومیٹر دور دارالحکومت دوحہ تک سنی گئی، جس کے فوراً بعد پلانٹ میں بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی۔
غیر ملکی میڈیا اور قطری حکام کی جانب سے جاری کردہ بیانات کے مطابق، مائع قدرتی گیس (LNG) کے اس اہم ترین پروسیسنگ مرکز راس لفان انڈسٹریل سٹی میں یہ حادثہ بظاہر ایک سنگین تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا۔ ابتدائی تکنیکی خرابی کے بعد ایک زوردار دھماکا ہوا جس نے پلانٹ کے ایک بڑے حصے کو لپیٹ میں لے لیا۔ قطری وزارتِ داخلہ نے تصدیق کی ہے کہ حادثے کے نتیجے میں 54 افراد موقع پر زخمی ہوئے جبکہ 18 افراد لاپتا ہیں جن کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے۔
پلانٹ کی انتظامیہ اور کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیموں اور فائر فائٹرز کو فوری طور پر موقع پر روانہ کیا گیا جنہوں نے سرتوڑ کوششوں کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ کمپنی نے واضح کیا ہے کہ اس حادثے سے پلانٹ کے بنیادی ڈھانچے کو کوئی مستقل نقصان نہیں پہنچا اور یہ پلانٹ قطر کی مقامی مارکیٹ کو گیس کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی آواز سے ارد گرد کے علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ زخمیوں کو قریبی ہاسپٹل منتقل کر دیا گیا ہے جہاں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔