حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
کراچی بی آر ٹی یلو لائن منصوبے میں ساڑھے 8 ارب روپے بے قاعدگی کا بڑا اسکینڈل۔ Home / پاکستان /

کراچی بی آر ٹی یلو لائن منصوبے میں ساڑھے 8 ارب روپے بے قاعدگی کا بڑا اسکینڈل۔

ایڈیٹر - 23/06/2026
کراچی بی آر ٹی یلو لائن منصوبے میں ساڑھے 8 ارب روپے بے قاعدگی کا بڑا اسکینڈل۔

کراچی/لاہور: بی آر ٹی یلو لائن منصوبے میں ساڑھے 8 ارب روپے کی مبینہ مالی بے قاعدگی، سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر ضمیر عباسی لاہور سے گرفتار

محکمہ اینٹی کرپشن سندھ نے ایک بڑی اور خفیہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی بس ریپڈ ٹرانزٹ (BRT) یلو لائن منصوبے کے سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر ضمیر عباسی کو لاہور سے گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم پر ٹھیکیداروں کو قوانین کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے ساڑھے 8 ارب روپے کی غیر قانونی پیشگی (ایڈوانس) ادائیگی کرنے کا الزام ہے۔

تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر لاہور کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (DHA) میں ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران ملزم کو حراست میں لیا۔ گرفتاری کے فوری بعد سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر ضمیر عباسی کو سخت سیکیورٹی میں لاہور سے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔ چیئرمین اینٹی کرپشن سندھ نے میڈیا کو تصدیق کی ہے کہ ملزم کے خلاف درج مقدمے کی باقاعدہ سماعت اور مزید قانونی کارروائی کراچی کی عدالتوں میں ہی چلائی جائے گی۔

واضح رہے کہ ملزم ضمیر عباسی کے خلاف رواں ماہ 10 جون کو اینٹی کرپشن تھانے میں باقاعدہ مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے تحت چلنے والے اس اہم سفری منصوبے میں مالی بے قاعدگیوں کا انکشاف اس وقت ہوا جب وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم (CMIT) نے منصوبے کی فنڈنگ کا تفصیلی آڈٹ کیا۔ انکوائری رپورٹ میں ثابت ہوا کہ یلو لائن منصوبے کے ٹھیکیداروں کو مالیاتی قواعد و ضوابط کو پسِ پشت ڈال کر ساڑھے 8 ارب روپے کی خطیر رقم ایڈوانس میں ادا کی گئی تھی، جس پر محکمہ اینٹی کرپشن نے فوری کارروائی عمل میں لائی۔