حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
بجٹ منظوری کا دوسرا مرحلہ آج، قومی اسمبلی میں اربوں روپے کے مطالبات زر پر گرما گرم بحث کی تیاری Home / پاکستان /

بجٹ منظوری کا دوسرا مرحلہ آج، قومی اسمبلی میں اربوں روپے کے مطالبات زر پر گرما گرم بحث کی تیاری

ایڈیٹر - 21/06/2026
بجٹ منظوری  کا دوسرا مرحلہ آج، قومی اسمبلی میں اربوں روپے کے مطالبات زر پر گرما گرم  بحث  کی تیاری

اسلام آباد: وفاقی بجٹ کی منظوری کے عمل کا دوسرا اور اہم مرحلہ آج قومی اسمبلی میں شروع ہو رہا ہے، جہاں مختلف وزارتوں اور سرکاری ڈویژنوں کے لیے مختص فنڈز کی منظوری دی جائے گی جبکہ اپوزیشن متعدد وزارتوں کے بجٹ پر سخت اعتراضات اٹھانے کی تیاری کر چکی ہے۔

پارلیمانی ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ ایوان میں ایک سو چار کھرب چودہ ارب روپے سے زائد مالیت کے ایک سو پینتیس مطالبات زر منظوری کے لیے پیش کریں گے۔ ان میں سے تینتالیس کھرب پچاسی ارب روپے سے زائد کے اٹھاسی مطالبات زر ایسے ہیں جن پر کوئی کٹوتی کی تحریک جمع نہیں کرائی گئی، جس کے باعث ان کی منظوری متوقع ہے۔

دوسری جانب ساٹھ کھرب انتیس ارب روپے سے زیادہ مالیت کے سینتالیس مطالبات زر پر اپوزیشن جماعتیں بھرپور احتجاج اور کٹوتی کی تجاویز پیش کریں گی۔ مجموعی طور پر پانچ سو ستاسی کٹوتی کی تحاریک ایوان میں زیر بحث آئیں گی۔

کابینہ ڈویژن اور اس کے ماتحت اداروں کے انیس مطالبات زر کے خلاف اکیانوے کٹوتی کی تجاویز جمع کرائی گئی ہیں، جبکہ توانائی ڈویژن کے چھ سو اکسٹھ ارب چھبیس کروڑ روپے سے زائد مالیت کے چھ مطالبات پر ایک سو سولہ کٹوتی کی تحاریک پیش کی جائیں گی۔

اسی طرح وزارت خزانہ کے بجٹ سے متعلق بیالیس کھرب بیاسی ارب روپے سے زائد کے مطالبات پر ایک سو کٹوتی کی تجاویز سامنے آئی ہیں، جبکہ وزارت داخلہ کے چوہتر ارب پینتیس کروڑ روپے سے زائد مالیت کے چار مطالبات کے خلاف ایک سو تئیس تحاریک جمع کرائی گئی ہیں۔

تخفیف غربت ڈویژن کے آٹھ سو انسٹھ ارب روپے سے زائد کے تین مطالبات زر بھی اپوزیشن کی تنقید کی زد میں ہیں، جن کے خلاف پینتالیس کٹوتی کی تحاریک پیش کی جائیں گی۔

حکومتی اتحاد نے اپنے اراکین کو ایوان میں مکمل حاضری یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ بجٹ منظوری کے مرحلے میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

سیاسی حلقوں کے مطابق آج کا اجلاس بجٹ منظوری کے عمل میں انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا، جہاں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سخت پارلیمانی مقابلے کا امکان ہے۔