حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
سوئٹزرلینڈ میں بڑی سفارتی ہلچل، امریکی نائب صدر بھی پہنچ گئے، ایران۔امریکا مذاکرات فیصلہ کن مرحلے میں داخل Home / بین الاقوامی /

سوئٹزرلینڈ میں بڑی سفارتی ہلچل، امریکی نائب صدر بھی پہنچ گئے، ایران۔امریکا مذاکرات فیصلہ کن مرحلے میں داخل

ایڈیٹر - 21/06/2026
سوئٹزرلینڈ میں بڑی سفارتی ہلچل، امریکی نائب صدر بھی پہنچ گئے، ایران۔امریکا مذاکرات فیصلہ کن مرحلے میں داخل

جنیوا: ایران اور امریکا کے درمیان اہم مذاکرات کے نئے دور سے قبل سوئٹزرلینڈ میں سفارتی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں، جبکہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس بھی مذاکراتی عمل کی نگرانی اور اہم ملاقاتوں کے لیے سوئٹزرلینڈ پہنچ گئے ہیں۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا اگلا مرحلہ آج شروع ہونے جا رہا ہے، جس میں جوہری پروگرام سمیت متعدد حساس معاملات زیر غور آئیں گے۔

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ ایک یا دو روز تک سوئٹزرلینڈ میں قیام کر سکتے ہیں۔ ان کے مطابق اس دورے کا مقصد جوہری معاملے پر پیش رفت اور لبنان میں جنگ بندی سے متعلق کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔

رپورٹس کے مطابق امریکی صدر کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر پہلے ہی سوئٹزرلینڈ میں موجود ہیں اور مختلف سفارتی رابطوں میں مصروف ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قطر کے نمائندے بھی مذاکراتی عمل میں شریک ہوں گے، جس سے خطے کے اہم معاملات پر پیش رفت کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

دوسری جانب ایران نے بھی اعلیٰ سطح کا وفد مذاکرات کے لیے روانہ کیا ہے، جس کی قیادت باقر قالیباف کر رہے ہیں۔ ایرانی وفد کی سوئٹزرلینڈ آمد کے بعد سفارتی سرگرمیوں میں مزید تیزی آ گئی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے یہ مذاکرات نہ صرف ایران اور امریکا کے تعلقات بلکہ مشرق وسطیٰ کی مجموعی صورتحال پر بھی گہرے اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔