حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ٹرمپ کے بیان پر جارجیا میلونی کا دوٹوک جواب، "میری مقبولیت آپ کی دوستی کی مرہونِ منت نہیں" Home / بین الاقوامی /

ٹرمپ کے بیان پر جارجیا میلونی کا دوٹوک جواب، "میری مقبولیت آپ کی دوستی کی مرہونِ منت نہیں"

ایڈیٹر - 21/06/2026
ٹرمپ کے بیان پر جارجیا میلونی کا دوٹوک جواب،

روم: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات کے بعد اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی نے بھی سخت اور واضح ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی عوامی مقبولیت کا انحصار کسی بیرونی حمایت پر نہیں بلکہ اٹلی کے مفادات کے تحفظ پر ہے۔

ایک بیان میں جارجیا میلونی نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ قومی مفادات کو ترجیح دی ہے اور ان کی سیاسی طاقت کی بنیاد بھی یہی پالیسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی مقبولیت کسی شخصیت یا دوستی کی محتاج نہیں بلکہ عوام کے اعتماد سے وابستہ ہے۔

اطالوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اٹلی اپنے بین الاقوامی معاہدوں کا احترام کرتا آیا ہے اور ملک میں موجود امریکی فوجی تنصیبات اور دفاعی تعاون سے متعلق معاہدوں پر بھی عمل جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب تک وہ وزیراعظم کے عہدے پر موجود ہیں، طے شدہ معاہدوں کی پاسداری کی جاتی رہے گی۔

جارجیا میلونی نے امریکی صدر کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کی مقبولیت کسی دوسرے ملک کا مسئلہ نہیں اور ہر سیاسی رہنما کو اپنی عوامی حمایت پر توجہ دینی چاہیے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں جارجیا میلونی پر تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اطالوی وزیراعظم نے مختلف مواقع پر ان کے ساتھ تصاویر بنوانے میں دلچسپی ظاہر کی، جبکہ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اٹلی میں ان کی عوامی مقبولیت میں کمی آ رہی ہے۔

امریکی صدر نے مزید دعویٰ کیا تھا کہ بعض بین الاقوامی معاملات، خصوصاً ایران سے متعلق پالیسیوں پر اختلافات نے دونوں رہنماؤں کے تعلقات کو متاثر کیا ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق دونوں رہنماؤں کے بیانات نے اٹلی اور امریکا کے تعلقات سے متعلق نئی بحث چھیڑ دی ہے، جبکہ آنے والے دنوں میں اس معاملے پر مزید سیاسی ردعمل سامنے آنے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔