حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
سوئٹزرلینڈ میں بڑی سفارتی سرگرمی، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اہم مذاکرات میں شرکت کے لیے روانہ Home / پاکستان /

سوئٹزرلینڈ میں بڑی سفارتی سرگرمی، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اہم مذاکرات میں شرکت کے لیے روانہ

ایڈیٹر - 21/06/2026
سوئٹزرلینڈ میں بڑی سفارتی سرگرمی، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اہم مذاکرات میں شرکت کے لیے روانہ

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ سوئٹزرلینڈ روانہ ہو گئے ہیں، جہاں آج برگن اسٹاک میں اہم تکنیکی مذاکرات منعقد ہوں گے۔ ان مذاکرات کو خطے میں جاری سفارتی سرگرمیوں اور امن کوششوں کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اسلام آباد میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے تسلسل میں سوئٹزرلینڈ میں مختلف فریقین کے درمیان مذاکرات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن میں پاکستان بھی فعال کردار ادا کرے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی اس دورے میں شریک ہیں اور وہ مذاکراتی عمل کا حصہ بنیں گے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم مذاکرات کے موقع پر مختلف شریک وفود کے سربراہان سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں خطے کی صورتحال، امن و استحکام اور جاری مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والی مفاہمت پر عملدرآمد میں اپنا مثبت اور تعمیری کردار جاری رکھے گا، جبکہ خطے میں امن، استحکام اور سفارتی حل کی حمایت بھی کرتا رہے گا۔

دوسری جانب امریکی وفد کے اہم ارکان پہلے ہی سوئٹزرلینڈ پہنچ چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر مذاکراتی مقام پر موجود ہیں، جبکہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس بھی سوئٹزرلینڈ کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔

ادھر ایرانی وفد بھی باقر قالیباف کی سربراہی میں سوئٹزرلینڈ پہنچ گیا ہے۔ ایرانی ذرائع کے مطابق وفد میں وزیر خارجہ عباس عراقچی، علی باقری، عبدالناصر ہمتی، کاظم غریب آبادی اور اسماعیل بقائی سمیت اہم شخصیات شامل ہیں۔

سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ برگن اسٹاک میں ہونے والے یہ مذاکرات خطے کی مستقبل کی صورتحال اور مختلف ممالک کے درمیان تعلقات پر اہم اثرات مرتب کر سکتے ہیں، جبکہ پاکستان کی شرکت کو بھی ایک اہم سفارتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔