حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
برطانیہ کی سیاست میں بڑا دھماکا؟وزیر اعظم کیئر اسٹارمر کے استعفیٰ کا امکان، Home / بین الاقوامی /

برطانیہ کی سیاست میں بڑا دھماکا؟وزیر اعظم کیئر اسٹارمر کے استعفیٰ کا امکان،

ایڈیٹر - 21/06/2026
برطانیہ کی سیاست میں بڑا دھماکا؟وزیر اعظم  کیئر اسٹارمر کے استعفیٰ کا امکان،

لندن: برطانوی سیاست میں ایک نئی ہلچل نے جنم لے لیا ہے، جہاں وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر کے ممکنہ استعفے سے متعلق قیاس آرائیاں زور پکڑ رہی ہیں۔ برطانوی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق آئندہ دنوں میں ملکی سیاست میں اہم پیش رفت سامنے آ سکتی ہے۔

رپورٹس کے مطابق وزیراعظم کیئر اسٹارمر پر لیبر پارٹی کے بعض ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے قیادت سے متعلق واضح لائحہ عمل دینے کے لیے دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ پارٹی کے اندر جاری بحث نے قیادت کے مستقبل کے بارے میں سوالات کو مزید تقویت دی ہے۔

ذرائع کے مطابق اینڈی برنہم کی سیاسی پوزیشن مضبوط ہونے کے بعد پارٹی کے اندر قیادت کے حوالے سے نئی صف بندی دیکھنے میں آ رہی ہے، جبکہ بعض حلقوں کا خیال ہے کہ متعدد ارکان ان کی حمایت کر رہے ہیں۔

برطانوی اخبارات میں شائع ہونے والی رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر قیادت میں تبدیلی آتی ہے تو کابینہ کے بعض اہم ارکان اپنے عہدوں پر برقرار رہ سکتے ہیں۔ ان میں شبانہ محمود کا نام بھی زیرِ بحث ہے، جو امیگریشن اصلاحات سے متعلق پالیسیوں پر کام جاری رکھنے کی خواہاں بتائی جا رہی ہیں۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق اگر لیبر پارٹی کے اندر قیادت کے حوالے سے تبدیلی آتی ہے تو اس کے اثرات نہ صرف حکومت بلکہ برطانیہ کی داخلی پالیسیوں، خصوصاً امیگریشن اور دیگر اصلاحاتی اقدامات پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔

تاہم تاحال وزیراعظم کیئر اسٹارمر یا برطانوی حکومت کی جانب سے ان رپورٹس پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، جس کے باعث سیاسی حلقوں کی نظریں آئندہ چند دنوں کی پیش رفت پر مرکوز ہیں۔