حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پٹرول 299 اور ڈیزل 311 روپے فی لیٹر، حکومت کا تاریخ کی بڑی قیمت کمی کا اعلان Home / پاکستان /

پٹرول 299 اور ڈیزل 311 روپے فی لیٹر، حکومت کا تاریخ کی بڑی قیمت کمی کا اعلان

ایڈیٹر - 19/06/2026
پٹرول 299 اور ڈیزل 311 روپے فی لیٹر، حکومت کا تاریخ کی بڑی قیمت کمی کا اعلان

اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی اور علاقائی سطح پر معاشی حالات میں بہتری کے اثرات براہِ راست عوام تک منتقل کیے جا رہے ہیں۔

وزیرِ اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 74 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کمی کی منظوری دی گئی ہے۔ اس فیصلے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 299 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 311 روپے فی لیٹر مقرر ہو جائے گی۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت نے عوام سے ریلیف فراہم کرنے کا جو وعدہ کیا تھا، اسے عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل معاشی حالات کے دوران عوام نے صبر اور تعاون کا مظاہرہ کیا جس پر پوری قوم خراجِ تحسین کی مستحق ہے۔

شہباز شریف نے بتایا کہ حکومت نے گزشتہ عرصے میں ترقیاتی اخراجات میں بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کے ذریعے 129 ارب روپے کے وسائل مختص کر کے عوام کو ایندھن کی بڑھتی ہوئی عالمی قیمتوں کے اثرات سے بچانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ اس حکمتِ عملی کی بدولت ملک میں توانائی کی قلت پیدا نہیں ہوئی اور عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے باہمی تعاون نے معاشی استحکام برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ کم آمدنی والے طبقات کو مختلف سبسڈی پروگراموں کے ذریعے ریلیف بھی فراہم کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں جو بھی کمی واقع ہوگی، اس کا مکمل فائدہ عوام تک پہنچایا جائے گا اور مہنگائی میں مزید کمی کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

وزیرِ اعظم نے مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی کے خاتمے اور امن کے قیام میں پاکستان کے کردار کا بھی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔

شہباز شریف نے اس عمل میں کردار ادا کرنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور حکومتی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے معاشی ٹیم کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل معاشی حالات میں مؤثر پالیسی سازی کے ذریعے ملک کو استحکام کی جانب گامزن رکھا گیا۔