بیروت: لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ اور اسرائیلی فوج کے درمیان جاری جھڑپوں میں ایک اسرائیلی ٹینک بٹالین کمانڈر سمیت چار فوجیوں کی ہلاکت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جبکہ متعدد اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران حزب اللہ کی کارروائیوں میں چار اسرائیلی فوجی مارے گئے اور پانچ دیگر زخمی ہوئے۔ ہلاک ہونے والوں میں 32 سالہ افسر لیفٹیننٹ دور گدالیا بن سیمحون بھی شامل ہیں، جو اسرائیلی فوج کی ایک ٹینک بٹالین کی قیادت کر رہے تھے۔
رپورٹس کے مطابق مذکورہ افسر اور دیگر فوجی حزب اللہ کے مزاحمت کاروں کے ساتھ ہونے والی جھڑپ کے دوران ہلاک ہوئے، جبکہ ایک علیحدہ واقعے میں حزب اللہ کے ڈرون حملے نے بھی اسرائیلی فوج کو نقصان پہنچایا۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ ڈرون حملے کے نتیجے میں پانچ فوجی زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی مراکز میں منتقل کیا گیا۔ زخمیوں کی حالت کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں اپنی عسکری کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہونے والے اسرائیلی حملوں میں کم از کم سولہ افراد شہید ہوئے ہیں۔
خطے میں کشیدگی کے مسلسل بڑھنے کے باعث لبنان اور اسرائیل کی سرحدی پٹی بدستور شدید تناؤ کا شکار ہے، جبکہ دونوں جانب سے حملوں اور جوابی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔