اسلام آباد: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی اور مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ سفارتی پیش رفت کے بعد پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت آئندہ قیمتوں کے جائزے کے دوران پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی پر غور کر رہی ہے، جس کے نتیجے میں صارفین کو فی لیٹر درجنوں روپے تک ریلیف مل سکتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق وزارتِ خزانہ کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 20 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 36 روپے فی لیٹر تک کمی کی تجویز زیرِ غور ہے۔ تاہم اس کے ساتھ پیٹرولیم لیوی میں اضافے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے، جس کے باعث حتمی کمی کے حجم کا انحصار حکومتی فیصلے پر ہوگا۔
اگر مجوزہ سفارشات منظور کر لی گئیں تو 20 جون سے نافذ ہونے والی نئی قیمتوں کے تحت ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کے صارفین کو نمایاں مالی ریلیف حاصل ہوگا۔
یاد رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے، جس کے اثرات مختلف ممالک کی توانائی منڈیوں پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔