اسلام آباد: ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت میں پاکستان کے کردار کو باضابطہ شکل مل گئی، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے ثالث کے طور پر دستاویز پر اپنے دستخط ثبت کر دیے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق مفاہمتی یادداشت پر وزیراعظم شہباز شریف نے بطور ضامن اور ثالث دستخط کیے، جس کے بعد معاہدے کے سفارتی عمل کا ایک اہم مرحلہ مکمل ہو گیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اس دستاویز پر پہلے ہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے دستخط موجود ہیں، جبکہ پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی اور مذاکراتی عمل میں سہولت کار کا کردار ادا کیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والی اس پیش رفت کو خطے میں استحکام اور سفارتی روابط کے فروغ کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کے ساتھ ملاقات اور عشائیے کے دوران ایران۔امریکا مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھے، جس کے بعد معاہدے کے دیگر مراحل مکمل کیے گئے۔