پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے آئندہ مالی سال کا مکمل سالانہ بجٹ 19 جون کو صوبائی اسمبلی میں پیش کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بجٹ پیش کیے جانے کی تاریخ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کے تمام منتخب اراکین بجٹ اجلاس میں شرکت کریں گے اور اس اہم پارلیمانی عمل کا حصہ بنیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت کی خواہش تھی کہ بجٹ کی تیاری سے قبل بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کی جائے، تاہم اس حوالے سے ملاقات یا رابطے کی اجازت نہیں دی گئی۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق صوبے کے عوامی مفادات، ترقیاتی ضروریات اور معاشی ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے بجٹ مرتب کیا گیا ہے، جس میں عوامی فلاح و بہبود کو مرکزی حیثیت دی جائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ خیبرپختونخوا کا سالانہ مالیاتی منصوبہ صوبائی مشیر خزانہ مزمل اسلم صوبائی اسمبلی میں پیش کریں گے، جس کے بعد بجٹ پر بحث کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔