اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی طیاروں اور ایئرلائنز کے لیے اپنی فضائی حدود کی بندش میں ایک بار پھر توسیع کرتے ہوئے پابندی کی مدت 24 جولائی تک بڑھا دی ہے۔
اس حوالے سے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے نیا نوٹس برائے فضائی معلومات جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق بھارتی رجسٹریشن رکھنے والے تمام طیارے، بھارتی ملکیت یا لیز پر حاصل کیے گئے ہوائی جہاز، نیز بھارتی ایئرلائنز اور آپریٹرز کی زیرِ انتظام سول اور عسکری پروازیں پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکیں گی۔
جاری کردہ نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ پابندی بھارتی فوجی طیاروں پر بھی یکساں طور پر لاگو ہوگی اور انہیں بھی پاکستانی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
حکام کے مطابق پابندی کا اطلاق آج شام 5 بج کر 50 منٹ سے ہوگا، جبکہ یہ فیصلہ 24 جولائی کی صبح 4 بج کر 59 منٹ تک مؤثر رہے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان نے 23 اپریل 2025 کو بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد سے بھارتی فضائی کمپنیوں کو طویل متبادل راستے اختیار کرنا پڑ رہے ہیں۔
ہوابازی کے شعبے سے وابستہ ذرائع کے مطابق پاکستانی فضائی حدود کی مسلسل بندش کے باعث بھارتی ایئرلائنز کو ایندھن، آپریشنل اخراجات اور اضافی سفری اوقات کی مد میں بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس کی مجموعی مالیت اربوں روپے تک پہنچ چکی ہے۔