حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خیبرپختونخوا میں ڈومیسائل کے حصول کا عمل آسان، نادرا تصدیق شدہ درخواستوں پر ایک روز میں اجرا ممکن Home / پاکستان /

خیبرپختونخوا میں ڈومیسائل کے حصول کا عمل آسان، نادرا تصدیق شدہ درخواستوں پر ایک روز میں اجرا ممکن

ایڈیٹر - 18/06/2026
خیبرپختونخوا میں ڈومیسائل کے حصول کا عمل آسان، نادرا تصدیق شدہ درخواستوں پر ایک روز میں اجرا ممکن

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے شہریوں کو تیز تر اور معیاری خدمات کی فراہمی کے لیے ڈومیسائل کے اجرا کے نظام میں اہم اصلاحات متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت درخواستوں کی پراسیسنگ کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام نافذ کیا جائے گا۔

سرکاری حکام کے مطابق بزنس پراسیس ری انجینئرنگ (بی پی آر) ماڈل کے تحت ڈومیسائل کے موجودہ طریقہ کار کو جدید بنایا جا رہا ہے تاکہ غیر ضروری تاخیر کا خاتمہ، شفافیت میں اضافہ اور شہریوں کو بروقت سہولت فراہم کی جا سکے۔

نئے طریقہ کار کے تحت نادرا سے تصدیق شدہ درخواست گزاروں کو ایک ہی دن میں ڈومیسائل جاری کیا جا سکے گا۔ اسی طرح وہ شہری جن کے رہائشی پتے میں گزشتہ تین برس کے دوران کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، انہیں بھی فوری بنیادوں پر یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایسے درخواست گزار جنہوں نے ایک سے تین سال کے عرصے میں اپنا پتہ تبدیل کیا ہو، ان کے کوائف کی جانچ پڑتال تین دن کے اندر مکمل کی جائے گی۔ جبکہ حالیہ عرصے میں رہائشی پتہ تبدیل کرنے والے افراد کے کیسز ضلعی سطح کی جانچ کمیٹی کو بھجوائے جائیں گے، جو دس روز کے اندر تصدیقی عمل مکمل کرے گی۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ ان اصلاحات سے نہ صرف عوام کو بہتر خدمات میسر آئیں گی بلکہ سرکاری امور میں شفافیت اور کارکردگی کو بھی فروغ ملے گا۔